بابو سر ٹاپ کے مقام پر تبلیغی جماعت کے 5 افراد برفانی تودے کے نیچے دب کر جاں بحق

جمعرات 31 مئی 2018 14:53

کوہستان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) بابو سر ٹاپ کے مقام پر تبلیغی جماعت کے پانچ افراد گاڑی سمیت برفانی تودے کے نیچے دب کر جاں بحق ہو گئے، ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیا ہے، دو نعشوں کو برفانی تودے سے نکال لیا گیا ہے، دیگر کی تلاش جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق چلاس میں تبلیغی جماعت کے ساتھ آنے والے افراد سیر و تفریح کیلئے بابو سر ٹاپ گئے ہوئے تھے، واپسی پر برف کا بھاری تودہ گاڑی پر آ گرا جس سے گاڑی میں موجود پانچ افراد نیچے دب گئے۔

(جاری ہے)

موقع پر موجود سیاحوں نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ایک شخص کو زندہ بچانے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو دی گئی، امدادی کارکن بھاری مشینری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، امدادی کارروائیوں کے دوران دو نعشیں نکال لی گئی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دو افراد ابھی تک تودے تلے دبے ہوئے ہیں۔ مقامی افراد، پولیس اور نیشنل ڈیزاسٹر کے اہلکار ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ رات گئے تک نعشوں کی تلاش جاری رہی۔ جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ملک کے مختلف علاقوں سے ہے جو تبلیغی جماعت کے ساتھ چلاس آئے ہوئے تھے۔ برفانی تودہ گرنے سے سیاحوں کی بڑی تعداد پھنس کر رہ گئی۔ ذرائع کے مطابق رات گئے تک ٹریفک بحال کر دی گئی۔

متعلقہ عنوان :

کوہستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں