ضلعی پولیس آفیسر لوئر کوہستان محمد سلیمان خان کی زیر صدارت اہم اجلاس، عید الفطر کیلئے خصوصی سیکورٹی پلان کی تشکیل

جمعرات 21 مئی 2020 20:26

لوئر کوہستان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2020ء) ضلعی پولیس آفیسر لوئر کوہستان محمد سلیمان خان نے جمعتہ الوداع، چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام اور عید الفطر کیلئے خصوصی سیکورٹی پلان کی تشکیل دینے سے متعلق ضلع کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے ساتھ اہم میٹنگ کا انعقاد کیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او لوئر کوہستان محمد سلیمان خان نے جمعتہ الوداع، چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام اور عید الفطر کے حوالہ سے خصوصی سیکورٹی پلان مرتب کرتے ہوئے چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے بازاروں اور پبلک مقامات پر بینرز وغیرہ آویزاں کئے جائیں اور اس گھنائونے فعل میں ملوث افرادکے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

تمام سرکل ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو اضافی گشت کے علاوہ اہم مقامات، شاہراہوں اور مساجد کیلئے اضافی نفری تعینات کرنے کی خصوصی ہدایات دی گئیں، اہم مقامات بازاروں اور مارکیٹوں میں سفید پارچات میں پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی جبکہ پولیس موبائل پیٹرولنگ میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں سخت کر دی گئی ہیں، پولیس سربراہ نے عوام الناس اور تاجربرادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد مشکوک افراد، اشیاء، گاڑی اور بیگ وغیرہ پر نظر رکھیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً پولیس کو اطلاع دیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکیں۔

انہوں نے عوام سے پرزور اپیل کی کہ چاند رات پر ہوائی فائرنگ سے اجتناب کیا جائے بصورت دیگر ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائی گی۔ جمعتہ الوداع اور عید کی نماز کیلئے مساجد اور عید گاہوں پر پولیس اہلکار سیکورٹی اورکرونا وائرس ایس او پیز کے مطابق احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے کیلئے ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

ڈی پی لوئر کوہستان محمد سلیمان خان نے عوام کے نام اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہم اپنی خوش کے لمحات کو اپنے دوستوں، بہن بھائیوں کیلئے عذاب بنا لیتے ہیں، ہوائی فائرنگ ایک تو قانونی جرم ہے تو دوسری طرف اخلاقی برائی بھی ہے، اس عید پر عہد کریں کے اپنے وقتی سکون اور خوشی کیلئے دوسروں کی زندگیوں کے ساتھ نہیں کھیلیں گے ،آپ کا ایک فائر کسی کا ہستا بستا گھر برباد کر سکتا ہے۔

عوام و الناس سے اپیل ہے کہ اس عید کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے گریز کریں نہ تو ہمارا مذہب اس طرح کے عمل کی اجازت دیتا ہے اور نہ ہمارا معاشرہ، تو آئیں سب ملکر یہ عہد کریں کہ انشاء الله آج کے بعد نہ خود اس فعل کا حصہ بنیں گے اور نہ اپنے خاندان میں خوشی کے موقع یا عید پر کسی کو ہوائی فائرنگ کے اجازت دیں گے۔

کوہستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں