سی پیک منصوبے پر مسلم لیگ ن کی اتنی چیخیں کیوں نکل رہی ہیں؟

معروف صحافی نے سی پیک منصوبے کے معاملے پر بڑا انکشاف کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 ستمبر 2018 15:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 ستمبر 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے لوگ ڈیم کے حوالے سے بھی تنقید کر رہے ہیں اور ڈیم فنڈ کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ یہ ہے کہ مسلم لیگ ن کی گذشتہ 10 سال کی میگا کرپشن سامنے آنے والی ہے۔ یہ تمام کرپشن سی پیک کے ٹھیکوں اور معاہدوں میں ہے جس کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ یہ لوگ بچ کر نکل جائیں گے۔

یہ لوگ رشوتیں دینے میں ماسٹر ہیں۔ یہ لوگ رشوتیں دے کر پلاٹس اور پرمٹس دے دیتے ہیں۔ ان کا ایک کارندہ میرے پاس آیا، اس کا میڈیا سے تعلق تھا ۔ میری اس سے تین چار سال قبل ملاقات ہوئی۔ اُس شخص نے ملاقات میں مجھ سے کہا کہ میں آپ کو بزنس کا ایک آئیڈیا دیتا ہوں۔

(جاری ہے)

جہاں سی پیک بن رہا ہے وہیں آپ ایک بڑے سے ہوٹل کی جگہ لے لیں۔ ہم آپ کو کسی ریسٹورنٹ یا پٹرول پمپ کی جگہ دے دیتے ہیں۔

میں نے اُس سے کہا کہ میں ذاتی زندگی میں اگر کبھی دھبڑ دھوس ہوا ہوں تو وہ تب ہوا ہوں جب میں نے کاروبار شروع کرنے کی کوشش کی ہے۔ میں نے اُس شخص سے کہا کہ میں نے ساری زندگی نوکری کی ہے ، آپ یہ بزنس آئیڈیا میرے پاس کیوں لا رہے ہیں؟ وہ میڈیا کی ہی ایک شخصیت تھی ، انہوں نے مجھے کہا کہ ہم نے دراصل سرمایہ کاری کر لی ہے اسی لیے آپ کو بھی مشورہ دے رہے ہیں۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں ایک انکشاف ہوا کہ لیگی حکومت نے نہ صرف پنجاب کا بلکہ سی پیک کا بجٹ بھی لاہور پر لگایا ہے۔ مسلم لیگ ن کی سابقہ حکومت نے احساس محرومی کے شکار بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں پر شب خون مارتے ہوئے اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر شاہراہ کی تعمیر کے منصوبے کو نہ صرف نظر انداز کیا بلکہ سابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پنجاب میں مسلم لیگ ن کو مضبوط کرنے کےلیے سی پیک کے اربوں روپے مشرقی روٹ پر تعمیر ہونے والی شاہراہوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں جھونک دئیے ۔ ذرائع کے مطابق ان تمام انکشافات کے پیش نظر سی پیک منصوبے میں ہونے والی کرپشن کے حوالے سے بھی تحقیقات کا آغاز جلد ہی کیا جائے گا۔

لادھیوالا وڑائچ میں شائع ہونے والی مزید خبریں