عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد کا تاریخی دن

پی ٹی آئی نے عمران خان کو وزیراعظم کے لیے نامزد کر دیا،خان کے مقابلے میں کوئی امیدوار سامنے نہ آیا، اراکین نے کھڑے ہو کر عمران خان کا تالیوں سے استقبال کیا اور مبارکباد پیش کی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 6 اگست 2018 15:38

عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد کا تاریخی دن
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار06 اگست 2018ء) عمران خان کی 22 سال کی طویل جدوجہد رنگ لے آئی اور بالا آخر وہ وقت آ گیا جب عمران خان کو وزیراعظم کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے۔عمران خان کو آج پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم کے لیے نامزد کیاہے جب کہ عمران خان کے مقابلے میں اور کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان ہی وزیراعظم ہوں گے۔

تمام اراکین نے عمران خان کو متفقہ طور پر وزیر اعظم نامز د کیا۔قرار داد شاہ محمود قریشی کی جانب سے پیش کی گئی جس کے بعد تمام اراکین نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں اور عمران خان کو مبارکباد پیش کی۔اس بات میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان نے ایک کھلاڑی سے وزیر اعظم کی کرسی تک کے سفر میں بہت مشکلات کا سامنا کیا اور اس دور میں ان پر کئی ذاتی اور سیاسی حملے کیے گئے۔

(جاری ہے)

جب کہ عمران خان پر سکگین نوعیت کے الزام بھی عائد کیے گئے۔تاہم عمران خان نے اپنی جدو جہد جاری رکھی اور اب وہ دن آ گیا ہے کہ عمران خان وزیراعظم کی کرسی سے بس تھوڑا سا دور ہیں۔عمران خان کی جدوجہد پر نظر ڈالیں تو معلوم ہو گا کہ عمران خان نے 25 اپریل 1996ء کو ایک سیاسی جماعت " پاکستان تحریک انصاف"" کی بنیاد رکھی۔ پاکستان تحریک انصاف نے 2002ء کے عام انتخابات میں پہلی اور صرف ایک ہی نشست حاصل کی۔

یہ واحد نشست عمران خان نے حاصل کی تھی۔ عمران خان نے کرپشن کے خلاف اپنے اصولی موقف کی وجہ سے 2008ء کے عام انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ اکتوبر 2011 ء میں عمران خان نے مینارِ پاکستان پر ایک تاریخی جلسہ کیا اوت اس جلسے میں شریک نوجوانوں کی بڑی تعداد نے عمران خان کو مقبول ترین لیڈر بنا دیا۔ 2013ء کے عامانتخابات میں پاکستان تحریک انصاف سب سے زیادہ ووٹ لینے والی دوسری بڑی جماعت بن گئی اور خیبرپختونخوا میں حکومت بنانے میں کامیاب ہو گئی۔

2013ء کے عام انتخابات کے نتائج کے بعد عمران خان نے الزام عائد کیا کہ یہ انتخاباتدھاندلی زدہ ہیں جس کے بعد عمران خان نے ان نتائج کے خلاف قانونی جنگ لڑی جس میں ججز نے غیر متفقہ فیصلہ دیا۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے عمران خان کے بتائے گئے چار حلقوں کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی جوڈیشل کمیشن نے عمران خان کے 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی کے الزام کو مسترد کر دیا۔

عمران خان نے 126دن اسلام آباد میں دھرنا بھی دیا سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے 2017ء میں پانامہ کیس میں اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف پٹیشن دائر کی جس پر تحقیقات کے بعد سابق وزیراعظم کا نہ صرف نااہل کیا گیا بلکہ احتساب عدالت نے اس کیس میں دائر کیے گئے ریفرنسز پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو قید کی سزا بھی سنائی اور یوں کرپشن کے خلاف اپنی جدوجہد میں عمران خان نے بڑی کامیابی حاصل کر لی۔

عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے اپنے اینٹی کرپشن اور اینٹی اسٹیٹس کو موقف کی وجہ سے ہی مقبولیت حاصل کی اور 2018ء کے عامانتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے ملک کی پہلی بڑی جماعت قرار پائی۔ 2018ء کے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد پاکستان کی اگلی حکومت عمران خان کی قیادت میں بنے گی۔پاکستانی عوام کو امید ہے کہ عمران خان سے ملک میں مثبت تبدیلی لائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں