وزیراعلیٰ کاامیدوارنہیں،عمران خان کاہرفیصلہ قبول، میاں محمودالرشید

سیاسی جدوجہدخود کووزیراعلیٰ بنانے کیلئےنہیں عمران خان کووزیراعظم بنانےکیلئے کی تھی،سب سے پہلےمیں نے مریم نوازکی بیرون ملک جائیداد کےثبوت میں نے پیش کئے، پارٹی کارکنان سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 12 اگست 2018 18:33

وزیراعلیٰ کاامیدوارنہیں،عمران خان کاہرفیصلہ قبول، میاں محمودالرشید
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 اگست 2018ء) : تحریک انصاف کے مرکزی رہنما میاں محمودالرشید نے کہا کہ اکتوبر2011ء میں مینار پاکستان جلسے نے آج بننے والی حکومت کی بنیاد رکھی، سیاسی جدوجہد خود کو وزیراعلیٰ بنانے کیلئے نہیں ملک میں ایک نظام لانے اور عمران خان کو وزیراعظم بنانے کیلئے کی، پنجاب کے وزیراعلیٰ کیلئے پارٹی کا ہر فیصلہ قبول ہے، مریم نواز کی بیرون ملک جائیداد کے سب سے پہلے ثبوت میں نے پیش کئے، پنجاب اسمبلی میں30ارکان کے ساتھ بہترین اپوزیشن کرتے ہوئے کمزور طبقے کو حقوق دلانے کیلئے کردار ادا کیا، سیاسی جدوجہد پر مطمئن ہوں، دو نہیں ایک پاکستان بنانے میں شامل ہونے پر فخرہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں پارٹی کارکنان کے وفد سے ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میاں محمودالرشید نے کہا کہ عمران خان ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے پر عزم ہیں۔ ملک سے کرپشن، لوڈیشیڈنگ کا خاتمہ، بجلی پیداوار میں اضافہ، تعلیم اور صحت میں اصلاحات اور روایتی تھانہ کلچر ختم کر نیکا وقت آ گیا ہے۔ عمران خان ملک میں جو ٹرینڈ سیٹ کرنے جا رہے ہیں اس کے بعد اس نئے پاکستان میں پرانے اور کرپشن زدہ سیاستدانوں کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔

خوفزدہ لوگ صرف اپنی لوٹی دولت کو بچانے اور اقتدار میں ہر صورت رہنے کیلئے ایک ہو گئے۔ ہم پہلے دن سے ہی کہہ رہے ہیں کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اندر سے ایک ہیں اور آپس میں بار یاں لگا رکھی ہیں یہ پارٹنر شپ توڑنا صرف عمران خان کا کام تھا۔ میاں محمودالرشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی زیادہ دیر تک اپوزیشن اتحاد میں نہیں رہ سکتی، کیونکہ ایک صوبے میں حکومت ہوتے ہوئے وفاق سے ٹکر خود پیپلز پارٹی سے بہتر نہیں ہوگی۔

انہوں نے اپوزیشن ارکان سے رابطوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم اور پنجاب میں وزیراعلیٰ کے انتخاب میں حزب اختلاف سے بھی ووٹ ملیں گے، پیپلز پارٹی سپیڈ، ڈیزل اتحاد سے خود کو جلد الگ کر لے گی۔ میاں محمودالرشید نے مزید کہا کہ یوم آزادی نہ منانے والوں کو ملک میں رہنے اور سیاست کرنے کا بھی کوئی حق نہیں، مولانا فضل الرحمان کے بیان اور شہباز کی جانب سے اسکی تائید دونوں قابل مذمت ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں