گیس کی قیمتوں میں اضافہ شکست کی وجہ بنا، ہمایوں اخترخان

پارٹی تنظیم سازی بھی ایک اہم مسئلہ ہے، ضمنی الیکشن میں 32 فیصد ووٹ کاسٹ ہوئے، این اے131 میں پی ٹی آئی کے رہنماء ہمایوں اخترخان کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 15 اکتوبر 2018 20:19

گیس کی قیمتوں میں اضافہ شکست کی وجہ بنا، ہمایوں اخترخان
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اکتوبر 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور این اے 131میں امیدوار ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ شکست کی وجہ بنا، پارٹی تنظیم سازی بھی ایک اہم مسئلہ ہے ، ضمنی الیکشن میں 32 فیصد ووٹ کاسٹ ہوئے۔ ہمایوں اخترخان نے ن لیگ کے خواجہ سعد رفیق سے شکست کے بعد آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن میں 32 فیصد ووٹ کاسٹ ہوئے۔

تمام ترمشکلات کے باوجود 50 ہزار سے زائد ووٹ لیے۔ این اے 131میں تنظیم سازی کا بھی مسئلہ ہے۔اب اپنے حلقے میں تنظیم سازی پر توجہ دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو کہا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کریں۔ گیس کی قیمتوں سے اضافے سے الیکشن پر اثر پڑا۔ واضح رہے این اے 131کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے امیدوار خواجہ سعد رفیق سے ہمایوں اختر کو دس ہزار ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے گزشتہ روز ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 11 نشستوں میں مسلم لیگ ن 4، تحریک انصاف4، مسلم لیگ ق 2، متحدہ مجلس عمل ایک جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔قومی اسمبلی کی نشستوں میں مسلم لیگ ن کے امیدوارشاہد خاقان عباسی لاہور سے این اے 124، خواجہ سعد رفیق این اے 131، اٹک سے ملک سہیل این اے 56، فیصل آباد سے علی گوہر بلوچ این اے 103سے کامیاب ہوئے ہیں۔

اسی طرح گجرات این اے 69 سے ق لیگ کے چودھری مونس الٰہی، این اے 65 چکوال سے چودھری سالک حسین کامیاب ہوئے۔ جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار علی نواز این اے 53اسلام آباد، ٹیکسلا سے این اے 63 میں منصور حیات اور کراچی میں این اے 243سے عالم گیر خان نے بھاری ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔اسی طرح این اے 35 بنوں سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار زاہد اکرم درانی نے کامیابی سمیٹی۔

این اے 60راولپنڈی سے شیخ رشید کے بھتیجے راشد شیخ جیت گئے ہیں۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی کی 12نشستوں میں 5تحریک انصاف اور 5نشستیں ن لیگ لینے میں کامیاب ہوئی۔ تاہم ابھی 2نشستوں پر نتائج آنا باقی ہیں۔ سندھ اسمبلی کی 2سیٹوں میں پیپلزپارٹی دونوں نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔ خیبرپختونخواہ اسمبلی میں 10نشستوں میں تحریک انصا ف 7، عوامی نیشنل پارٹی 2، مسلم لیگ ن ایک نشست جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔اسی طرح بلوچستان کی 2صوبائی نشستوں میں ایک بی این پی مینگل کامیاب ہوگئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں