حکومت کی ناقص پالیسیوں نے ہر شعبے کو تباہ کر کے رکھ دیا ،

اگر کسان بدحال ہوا تو ملک میں خوراک کا بحران پیدا ہوگا‘ترجمان بلاول بھٹو کسان آلو سڑکوں پر جلا رہے ہیں،حکومت یوریا، بجلی اور دیگر زرعی مداخل تو مہنگی کر رہی ہے کسان کے مسائل حل کرنے کو تیار نہیں‘مصطفی نواز کھوکھر کچھ وزیر اقتدار کے نشے میں ایسے دھت ہیں جیسے چوہے نے شراب پی رکھی ہو‘حسن مرتضیٰ کا وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی تقریر پر ردعمل

بدھ 16 جنوری 2019 13:30

حکومت کی ناقص پالیسیوں نے ہر شعبے کو تباہ کر کے رکھ دیا ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں نے ہر شعبے کو تباہ کر کے رکھ دیا ،اگر کسان بدحال ہوا تو ملک میں خوراک کا بحران پیدا ہوگاجبکہ پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ کچھ وزیر اقتدار کے نشے میں ایسے دھت ہیں جیسے چوہے نے شراب پی رکھی ہو۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں نے ہر شعبے کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے، معیشت کے بعد زرعی شعبہ بھی بدترین بدحالی کا شکار ہے، کسان آلو کی پیداوار سڑکوں پر جلا رہے ہیں،حکومت یوریا، بجلی اور دیگر زرعی مداخل تو مہنگی کر رہی ہے کسان کے مسائل حل کرنے کو تیار نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر کسان بدحال ہوا تو ملک میں خوراک کا بحران پیدا ہوگا، حکومت کسانوں کو آلو کی مناسب قیمت دلوانا یقینی بنائے۔

علاوہ ازیں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی کراچی میں تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری گیس کا ایسا غبارہ ہے جسکی پن حامد خان کے پاس ہے، کچھ وزیر اقتدار کے نشے میں ایسے دھت ہیں جیسے چوہے نے شراب پی رکھی ہو،سندھ حکومت کے خاتمے کا خواب، یہ منہ اور مسور کی دال،فواد کی گیدڑ ببکیاں کسی کامیڈی فلم کے ڈائیلاگ کی طرح ہیں۔انہوں نے کہا کہ فواد سندھ کا ماماں بننے کی بجائے جہلم میں اپنی شکست کے زخم چاٹے، فواد کا خانوادہ پنجاب میں سیاسی بے وفائی کی سب سے بڑی علامت بن چکا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں