بھارت کے خلاف پاکستان کے عوام ،فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں، پاکستان کا بچہ بچہ انڈیا کے خلاف لڑنے کو تیار ہے، سینیٹر سراج الحق

مودی الیکشن جیتنے کیلئے نا صرف کشمیریوں بلکہ غریب ہندوئوں ،سکھوں اور عیسائیوں کا بھی قتل عام کررہا ہے مودی کا چیلنج قبول کرتے ہیں ،فوج اور وزیر اعظم اللہ کا نام لیکر میدان میں نکلیں پوری قوم بھارت کے خلاف قدم بقدم ان کا ساتھ دے گی

جمعہ 22 فروری 2019 20:48

بھارت کے خلاف پاکستان کے عوام ،فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں، پاکستان کا بچہ بچہ انڈیا کے خلاف لڑنے کو تیار ہے، سینیٹر سراج الحق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2019ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پلوامہ میں مرنے والے بھارتی فوجی پڑھنے نہیں ،کشمیریوں کا قتل عام کرنے آئے تھے ،کشمیریوں کو بھی اپنی جان مال اور عزت کی حفاظت کیلئے لڑنے اور بدلہ لینے کا حق ہے ،مودی کا چیلنج قبول کرتے ہیں ،فوج اور وزیر اعظم اللہ کا نام لیکر میدان میں نکلیں پوری قوم بھارت کے خلاف قدم بقدم ان کا ساتھ دے گی۔

بھارت کے خلاف پاکستان کے عوام ،فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں ۔مودی سرکار کے ہاتھوں ناصرف کشمیری مسلمان بلکہ غریب ہندوئوں،سکھوںاور عیسائیوں کا بھی قتل عام اور استحصال ہورہا ہے ۔ایک طرف مودی پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور دوسری طرف ہمارے حکمران کروڑوں روپے اجلاسوں پر خرچ کرنے کے بعد اسمبلی میںقانون سازی کے بجائے دھینگا مشتی کرتے نظر آتے ہیں ۔

(جاری ہے)

حکومت غیر سنجیدہ لوگوں کے ہاتھ میں آگئی ہے ۔سب سے بڑے صوبے کا وزیر اعلیٰ کہتا ہے کہ میں نیا آیا ہوں اور آہستہ آہستہ سیکھ رہا ہوں ،حکمرانوں کے سیکھنے کی رفتار یہی رہی تو پانچ سال سیکھنے میں ہی گزار دیںگے۔مشرف پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی ناکام حکومتوں میں رہنے والے اب پی ٹی آئی حکومت میںاکٹھے ہوگئے ہیں ،ان کے پاس ڈلیور کرنے کی صلاحیت نہیں ،عوام مسائل کی دلدل سے نکلنا چاہتے ہیں تو انہیں اسلام کے بابرکت نظام کیلئے میدان عمل میں آنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالا میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کنونشن سے امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب امیر العظیم نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر پنجاب کے سیکرٹری جنرل جاوید قصوری ،نائب امیر قدرت اللہ بٹ ،ضلعی امیر مظہر اقبال رندھاوا اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک پر مسلط فرسودہ اور استحصالی نظام کو دریا برد کرنے اور آئین پاکستان کے مطابق قرآن و سنت کے نظام کو رائج کئے بغیر تبدیلی نہیں آسکتی ،عوام کو اس ظالمامہ نظام کے خلاف اٹھنا ہوگا،اس نظام سے بغاوت نہ کرنے والا سب سے بڑا منافق ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے بار بار حکومت کی ،تبدیلی کے نام پر آنے والی حکومت میں بھی وہی لوگ بیٹھے ہیں جو مشرف ،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کے ساتھ تھے ،یہ ناکام لوگوںکو ٹولہ ہے جس نے عوام کی امیدوں کا خون کیا ہے ،حکومت میں ڈلیور کرنے کی صلاحیت ہی نہیں ،چھ ماہ گزرنے کے بعد سوائے قیمتیں بڑھنے کے کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔

غریب کیلئے تعلیم ہے نہ علاج ،دن بھر کی محنت کے باوجود مزدور بھوکا سوتا ہے اور کسان کی خون پسینے کی کمائی جاگیر دار اور وڈیرے کھاتے ہیں ۔تھر میں بچے بھوک سے مررہے ہیں اور حکمران عیش و عشرت میں مست ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے معیشت اور تجارت میں بہتری لانے کے نام پر جمعہ کی چھٹی ختم کی تھی ،عوام پوچھتے ہیں کہ آج تک معیشت میں کونسی سے بہتری آئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کل کے حکمران اسلام پر چلتے تھے نہ آج کے اسلام پر چلنے کو تیار ہیںلیکن نعرے مدینہ جیسی ریاست کے لگاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ وقت جلد آنے والا ہے جب وی وی آئی پیز کا مسلط کردہ یہ نظام لپیٹ اور اسٹیٹس کو کو دفن کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلام کے غلبہ اور نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے ۔

عوام مسائل کی دلدل سے نکلنے کیلئے ہمارا ساتھ دیں ۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا کہ زرداری ،نواز شریف اور مشرف کے حواریوں کو ساتھ بٹھا کر عمران خان کہتے ہیں کہ میںتبدیلی لے کر آئوں گا۔جس نے خود چوں چوں کا مربع جمع کرلیا ہو وہ تبدیلی خاک لے کر آئے گا۔ان کی تبدیلی یہ ہے کہ گیس آتی نہیں مگر بل کئی کئی گنا آرہے ہیں ۔ٹیکسوں پر ٹیکس لگائے جارہے ہیں اور دعوے کرتے ہیں کہ غریبوں کو ریلیف دیں گے ۔آئی ایم ایف کے پاس جانے پر خود کشی کو ترجیح دینے کے نعرے لگانے والے وزیر اعظم خود آئی ایم ایف کے چرنوں میں جاکر بیٹھ گئے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں