& ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے بغیر وزیراعظم کا دورہ امریکہ ناکام رہے گا ،سینیٹر سراج الحق

ؔ افغانستان سے امریکی انخلا اور وہاں پرامن نظام پاکستان کی ضرورت ہے ، ہمیں کسی امریکی گیم کا حصہ نہیں بننا چاہیے ، امریکہ نے ہمیشہ پاکستان کو مشکل وقت میں اکیلا چھوڑ کر ہمارے لیے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی،امیر جماعت اسلامی پاکستان

اتوار 21 جولائی 2019 21:20

؛لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے بغیر وزیراعظم کا دورہ امریکہ ناکام رہے گا ۔ افغانستان سے امریکی انخلا اور وہاں پرامن نظام پاکستان کی ضرورت ہے ۔ ہمیں کسی امریکی گیم کا حصہ نہیں بننا چاہیے ۔ ہمارے ہر حکمران نے امریکہ پر اعتماد کیا مگر اس نے ہر بار دھوکہ دیا ۔

امریکہ نے ہمیشہ پاکستان کو مشکل وقت میں اکیلا چھوڑ کر ہمارے لیے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی ۔ وزیراعظم جانے سے پہلے مشاورت کرتے تو ان کو زیادہ عزت ملتی ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں جماعت اسلامی لاہور کی لیڈر شپ ٹریننگ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ لیڈر شپ ٹریننگ ورکشاپ سے امیر جماعت اسلامی لاہو ر ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت ایک سال میں ہی ڈھیر ہوگئی ہے ۔ حکومت کی ساکھ ختم ہوچکی ہے ۔اس وقت پورا نظام صابن پر کھڑا ہے جو کسی وقت بھی زمین بوس ہوسکتاہے ۔ حکومت کو لانے اور سر پر بٹھانے والوں نے دیکھ لیا ہے کہ ان تلوں میں تیل نہیں۔سابقہ حکمران پارٹیوں کے نااہل لوگو ں کو اکٹھا کرکے حکومت بنانے والے جان چکے ہیں کہ یہ ڈلیور کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے اس لیے جلد ہی ان کا باب بند ہونے والا ہے۔

انہوں نے کہاکہ خوف کے عالم میں معیشت ترقی نہیں کر سکتی ۔ حکومت تمام تر کوششوں کے باوجود تاجروں کا اعتماد بحال نہیں کر سکی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے سب سے زیادہ بے روزگار نوجوانوں کو مایوس کیاہے ۔ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے کسی ایک نوجوان کو نوکری نہیں دی بلکہ پانچ لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار سے محروم کیا۔ کسان اور مزدور کا کوئی پرسان حال نہیں جس کی وجہ سے زراعت اور صنعت زبوں حالی کا شکار ہیں اور مہنگائی نے کاروبار زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ تعلیم ، علاج اور انصاف ہر شہری کی ضرورت ہے مگر حکومت اس حوالے سے اپنا کوئی وعدہ پورا نہیں کرسکی ۔ انہوںنے کہاکہ ہماری سیاست اور معیشت یرغمال ہے ۔ قوم کسی نجات دہندہ کو دیکھ رہی ہے ۔ موجودہ حکمرانوں کے پاس مسائل کا کوئی حل نہیں ۔ حکومت کو لانے والوں کی امیدیں بھی دم توڑ چکی ہیں ۔ لیڈر شپ ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن سے پاک محب وطن قیادت ہی ملک و قوم کے مسائل حل کر سکتی ہے ۔

تبدیلی کا نعرہ دھوکہ اور فریب ہے ۔ قرآن و سنت کا نظام اور مخلص قیادت ہی ڈوبتی کشتی کو بچا اور ملک و قوم کو مہنگائی ، غربت ، جہالت اور بے روزگاری و بدامنی جیسے مسائل سے نجات دلاسکتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے جماعت اسلامی نے جو قربانیاں پیش کی ہیں ، وہ رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان میں اسلامی انقلاب کا سورج طلوع ہو گا اور پاکستان نظام مصطفیٰؐ کا گہوارہ بنے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں