ٹرمپ کی بھارت کے ساتھ دوستی اور دفاعی معاہدہ کی خواہش نے ثالثی کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے‘محمد جاوید

حکومتی وزراء کے غیر ذمہ دارانہ بیانات اور طرز عمل بھارت کے خلاف اتحاد و یکجہتی کی راہ میں رکاوٹ ہیں‘امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب

پیر 23 ستمبر 2019 13:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2019ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومتی وزراء کی جانب سے غیر ذمہ داران بیانات اور طرز عمل اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کی اخلاقی تربیت ہونی چاہیے۔ عزت و احترام کا رویہ خوشگوار ماحول کو جنم دیتا ہے۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک میں سیاسی عدم استحکام کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔

ایک ایسے وقت جب بھارت پاکستان کی شہ رگ پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے لیے مختلف قسم کے گھناونے اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔ حکومتی ترجمان باہمی اتحادو یکجہتی کی فضا کو قائم کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشہ روز 6 اکتوبر کو لاہور میں ہونے والے آزادی کشمیر مارچ کے حوالے سے مختلف عوامی وفود اور بااثر افراد سے ملاقاتیں کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے بھارت کے ساتھ دوستی مضبوط ، اسلامی انتہا پسندی کے خلاف مل کر لڑنے اور دفاعی معاہدے کی خواہش نے سارے ا بہام دور اور ٹرمپ کی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ثالثی کا بھانڈا پھو ڑ دیا ہے۔ واضح ہوچکا ہے کہ امریکہ پاکستان کی بجائے بھارت کو ترجیح دیتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل میں بھارت کے خلاف جس قرارداد کو جمع کروانے کا اعلان کیا گیا تھا، اور قوم کو 58ممالک کی حمایت کا یقین دلایا گیا تھاجبکہ قرارداد کی منظوری کے لیے صرف 16ممالک کی حمایت درکار تھی، وہ قرارداد کیوں پیش نہ کی گئی یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے قوم کو مسلسل گمراہ کیا جارہا ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ہم حکمرانوں کو بتادینا چاہتے ہیں کہ اگر انہوں نے کشمیرپر کسی قسم کی لچک دکھائی یا مصلحت کا مظاہرہ کیا تو قوم انھیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں