کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر پی ڈی ایم قیادت گرفتار ہوگی ، فیاض الحسن چوہان

1971ء کی جنگ سے زیادہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے جاری جنگ زیادہ سخت ہے ، صوبائی وزیر کا پی ڈی ایم قیادت بشمول مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز سے کورونا ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ

Sajid Ali ساجد علی پیر 30 نومبر 2020 13:59

کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر پی ڈی ایم قیادت گرفتار ہوگی ، فیاض الحسن چوہان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 نومبر2020ء) صوبہ پنجاب کے وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی تو ان کو گرفتار کیا جائے گا ، اور مقدمات بھی درج ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے سارے جلسے ملتوی کیے گئے مگر پی ڈی ایم نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ، اپوزیشن کی نجی تقریبات میں ایس او پیز اور کورونا ٹیسٹ کی شرط لازم ہے مگر عوام کے ساتھ ان کا رویہ دیکھ لیں کیسا ہے جب کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث ہسپتالوں پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے۔

صوبائی وزیر کی طرف سے پی ڈی ایم قیادت بشمول مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز سے کورونا ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ بھی کردیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پی ڈی ایم کے پشاور جلسہ سے کورونا ہوا۔ تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کسی بھی لیڈر یا چھوٹے بڑے کو نہیں دیکھتا ، یہی وجہ ہے کہ بلاول بھٹوزرداری کو بھی پشاور جلسے سے کورونا ہوگیا جب کہ وفاقی حکومت عوام کو کورونا سے بچانا چاہتی ہے لیکن اپوزیشن لوگوں کو مسلسل عالمی وباء میں جھونک رہی ہے ، یہی وجہ ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی طرف سے کیے گئے پشاور اور گوجرنوالہ جلسوں کے بعد سے کورونا مریضوں میں اضافہ ہوگیا جب کہ بلاول کو بھی پشاور جلسہ سے ہی کورونا ہوا۔

اس سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں جلسوں کا رتی بھر بھی جواز نہیں ، حکومت کی طرف سے کسی کو بھی انسانی جانوں سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ ت اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف قومی ذمہ داریوں کو سمجھنے سے بلکل قاصر ہے یہی وجہ ہے کہ سیاسی مفادات کیلئے اپوزیشن نے قومی مفاد کو پس پشت ڈال دیا جب کہ حکومت کورونا وائرس کی دوسری لہر کو روکنے کیلئے کوشاں ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا یہ غیرفطری اتحاد تیزی سے اپنے منطقی انجام کی جانب بڑھ رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں