حکومت کا راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل میں ملوث مسلم لیگ ن کے اہم کرداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت نے خود کرپشن پکڑ کر نیب کو انکوائری کا کہا، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں مسلم لیگ ن کے اہم کرداروں کے نام سامنے آئے ہیں، ان کے خلاف کارروائی کریں گے، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 18 مئی 2021 23:47

حکومت کا راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل میں ملوث مسلم لیگ ن کے اہم کرداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2021ء) ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت نے خود کرپشن پکڑ کر نیب کو انکوائری کا کہا، حکومت کا راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل میں ملوث مسلم لیگ ن کے اہم کرداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ- تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے ہے کہ سابقہ حکمران نہ صر ف خود کرپشن کرتے تھے بلکہ کرپشن میں سہولت کاری کے عوض بھی حصہ وصول کرتے تھے ،موجودہ حکومت نے کرپشن کے آگے بندھ باندھا ہے ،راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں مسلم لیگ (ن) سے جڑے کئی کرداروں کے نام سامنے آئے ہیں جن کی تحقیقات ہوں گی ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے نہ صرف خود بے تحاشہ کرپشن کی بلکہ کرپشن کو آئوٹ سورس بھی کیا ہوا تھا ،موجودہ حکومت کرپشن کے ناسور کی جڑیں کاٹتے کاٹتے کامیابی کے قریب پہنچ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

سابقہ حکومتوں میں کرپشن کو برائی نہیں سمجھا جاتا تھا جبکہ وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف مہم کی وجہ سے آ ج لوگ کرپشن اور کرپشن کرنے والوں سے نفرت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکوومت نے راولپنڈی رنگ روڈ کی کرپشن پکڑ کر 20 سے 23 ارب بچائے ہیں،کسی حکومت نے اپنے دور میں کبھی کرپشن نہیں پکڑی، حکومت نے خود کرپشن پکڑ کر نیب کو انکوائری کا کہا، وزیراعظم کا واضح نکتہ نظر ہے کہ کرپشن پرسمجھوتہ نہیں ہوگا۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کوئی اسکینڈل سامنے آتا ہے تو شفاف تحقیق کی جاتی ہے، یہی اصل تبدیلی ہے جو ہم لوگ چاہتے تھے، ن لیگ یا پیپلزپارٹی اقتدارمیں ہوتی تو کوئی انکوائری نہ ہوتی، رنگ روڈ منصوبے کی 2018 میں ابتدائی الاٹمنٹ کی گئی، وزیراعظم نے رنگ روڈ منصوبے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا، یہ عمران خان ہیں جو دلیرانہ فیصلے لیتے ہیں، ن لیگ والے تحقیقاتی رپورٹ پڑھ لیتے توغلط بیانی نہ کرتے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اسکینڈل اربوں روپے کی کرپشن کا نہیں بلکہ وزیر اعظم نے اس منصوبے پر اربوں روپے کی کرپشن روک دی، اس حوالے سے وزیر اعظم کے حکم پر تحقیقات کرائی گئیں، ابتدائی تحقیقات میں کوئی حکومتی وزیر اور مشیر اس اسکینڈل میں ملوث نہیں ہے ، رپورٹ میں زلفی بخاری یا غلام سرور کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن اصلاحات سے متعلق اپوزیشن کا رویہ غیر سنجیدہ ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی پوزیشن واضح نہیں، ن لیگ والے تو شفاف الیکشن پر یقین ہی نہیں رکھتے کیوں کہ ن لیگ دھاندلی کے بغیر الیکشن نہیں لڑسکتی، قومی اسمبلی میں پیر کے دن سے الیکشن اصلاحات سے متعلق بحث کا آغاز کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں