پی پی38، آج ہم نے شیر کی ٹانگیں توڑ دیں، فردوس عاشق اعوان کا پی ٹی آئی کی فتح کا اعلان

ووٹ کی طاقت سے شیر کو اسٹریچر پر ڈال کر اسپتال بھیج دیا، نیم مردہ شیر کو ڈاکٹر کسی بھی وقت مردہ قرار دے سکتے ہیں، فردوش عاشق اعوان

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 28 جولائی 2021 21:07

پی پی38، آج ہم نے شیر کی ٹانگیں توڑ دیں، فردوس عاشق اعوان کا پی ٹی آئی کی فتح کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 28جولائی 2021) پی پی38، آج ہم نے شیر کی ٹانگیں توڑ دیں، فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی آئی کی فتح کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پی پی 38 میں تحریک انصاف کی فتح کا اعلان کردیا۔نجی ٹیلی ویژن چینل کے مطابق پی پی 38 میں فتح کا اعلان کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج کی جیت پی ٹی آئی کے نام کرتی ہوں، آج ہم نے شیر کی ٹانگیں توڑ دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بُت پاش پاش کردیے ہیں، انہوں نے محاورہ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ’آر کراں گے پار کراں گے شیر دے ٹوٹے چار کراں گے۔‘فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ووٹ کی طاقت سے شیر کو اسٹریچر پر ڈال کر اسپتال بھیج دیا، نیم مردہ شیر کو ڈاکٹر کسی بھی وقت مردہ قرار دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پی پی 38 ضمنی الیکشن میں 165 میں سے 117 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری غیرحتمی نتائج آگئے ہیں۔

تحریک انصاف کے احسن سلیم بریار 44 ہزار 720 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے طارق سبحانی 39 ہزار 849 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔تحریک انصاف کے احسن سلیم بریار کو مجموعی طور پر 5049 ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔اطلاعات کے مطابق اب تک 165 میں سے 160 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آچکے ہیں ، جن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار 60 ہزار ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار طارق سبحانی 53 ہزار سے کچھ زائد ووٹ حاصل کرسکے، یوں حکمراں جماعت نے یہ ضمنی الیکشن تقریباً جیت، تاہم حتمی اعلان ہونا باقی ہے۔

ضمنی الیکشن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے حوالے سے معاون خصوصی سیاسی امور شہبازگل نے بھی کہا ہے کہ سیالکوٹ میں بلا کامیاب ہوچکا ہے۔ اس سے قبل حلقے میں ضمنی انتخاب کیلئے ووٹنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی تاہم ووٹنگ سے قبل بارش کے باعث بعض مقامات پر عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس سے پولنگ کا عمل جزوی طور پر متاثر ہوا۔

ضمنی انتخاب کے دوران پی ٹی آئی اور نون لیگی کارکن آمنے سامنے آگئے۔پولنگ اسٹیشن وارڈ 122 اور 123 پر پاکستان تحریکِ انصاف اور مسلم لیگ نون کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی ہے۔پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول میں رینجرز نے مشتعل کارکنان میں بیچ بچائوکرایا۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں اور رینجرز نے صورتِ حال پر قابو پا لیا اور پولنگ کا عمل بلا تعطل جاری رہا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں