پٹرول اور ڈیزل کی شکل میں عوام پر ایک نہیں دو بم گرائے گئے‘پرویزالٰہی

عمران خان نے سستے تیل کی ڈیل مکمل کر لی تھی جعلی حکمران روس سے سستا تیل کیوں نہیں لیتے ‘سپیکر پنجاب اسمبلی

جمعہ 27 مئی 2022 23:04

پٹرول اور ڈیزل کی شکل میں عوام پر ایک نہیں دو بم گرائے گئے‘پرویزالٰہی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2022ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر کے حکومت نے عوام پر ایک نہیں دو بم گرائے ہیں، پہلے مہنگائی کیا کم تھی کہ اب ٹرانسپورٹ کی وجہ سے مہنگائی میں 50 فیصد سے زائد اضافہ ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان نے دورہ روس کے دوران پاکستان کو سستے تیل کی فراہمی کیلئے روس سے ڈیل مکمل کر لی تھی، اب جعلی حکمران روس سے سستا تیل کیوں نہیں لیتے، بھارت نے روس سے سستا تیل لے کر اپنے عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پسنے کیلئے بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان نے لانگ مارچ ختم نہیں کیا بلکہ صرف 6 روز کیلئے حکومت کو مہلت دی ہے، حکومت فوری طور پر گرفتار کارکنوں کو رہا کرے، اعلیٰ عدلیہ نے بھی گرفتار کارکنوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز نے پورے ملک میں وحشت و درندگی کا جو کھیل کھیلا ہے اس پر پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں