این اے130: نواز شریف کی کامیابی کو لاہور ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کردیا گیا

تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد نے نواز شریف کی کامیابی کے خلاف انتخابی عذرداری دائر کی ہے‘ این اے 81 گوجرانوالہ سے مسلم لیگ نون کے اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 16 اپریل 2024 13:59

این اے130: نواز شریف کی کامیابی کو لاہور ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کردیا گیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 اپریل۔2024 ) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی این اے 130 لاہورسے انتخابی کامیابی کو لاہور ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کردیا گیا ہے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد نے نواز شریف کی کامیابی کے خلاف انتخابی عذرداری دائر کی ہے. درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے قانون کے منافی نواز شریف کی جیت کا نوٹیفکیشن جاری کیا یاد رہے کہ 10 فروری کو لاہور کے حلقہ این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا تھا.

(جاری ہے)

ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے وکیل احمد اویس اور رانا مدثر ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی ہے13 فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے یاسمین راشد کی این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی کے خلاف دائر درخواست نمٹا دی تھی. جسٹس علی باقر نجفی نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے درخواست گزار کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی 14 فروری کو الیکشن کمیشن نے این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا.

یاد رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں این اے 130 لاہور سے نواز شریف ایک لاکھ 79 ہزار 310 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ تحریک انصاف کی حمایت یافتہ امیدوار یاسمین راشد ایک لاکھ 4 ہزار 485 ووت لے کر دوسرے نمبر پر تھیں. دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے این اے 81 گوجرانوالہ سے مسلم لیگ نون کے اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا ہے جسٹس شاہد کریم نے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ بلال اعجاز چوہدری کی درخواست پر سماعت کی.

عدالت نے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بلال اعجاز چوہدری کو بطور ایم این اے بحال کر دیا درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ بلال اعجاز چوہدری 8 ہزار ووٹوں سے کامیاب قرار پائے تھے، الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر مخالف امیدوار اظہر قیوم کو کامیاب قرار دے دیادرخواست میں کہا گیا کہ ریٹرننگ افسر نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر درخواست گزار کا اڑھائی ہزار ووٹ کم کر دیاگیا.

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں