نواز شریف ملکی مفاد کی خاطرعمران خان سے بات چیت کیلئے تیار ہیں،رانا ثناءاللہ

قائد ن لیگ نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ وہ ملکی مفاد کو ہر چیز پر مقدم رکھتے ہیں،عمران خان کی عوامی پذیرائی زیرو ہے عام انتخابات میں انہیں مظلومیت اور مزاحمت کا ووٹ ملا ہے،گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 25 اپریل 2024 13:52

نواز شریف ملکی مفاد کی خاطرعمران خان سے بات چیت کیلئے تیار ہیں،رانا ثناءاللہ
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 اپریل2024 ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماءراناءثناءاللہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف ملکی مفاد کی خاطرعمران خان سے بات چیت کیلئے تیار ہیں،قائد ن لیگ ماضی میں بھی بانی پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے آمادہ تھے اور انہوں نے اس کا ثبوت اپنے عمل سے دیا،نواز شریف نے عمران خان کو مذاکرات کی دعوت اس وقت بھی دی تھی جب ملک میں 126دن کا دھرنا جاری تھا۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کی عوامی پذیرائی زیرو ہے لیکن عام انتخابات میں انہیں مظلومیت اور مزاحمت کا ووٹ ملا ہے ۔بانی پی ٹی آئی اس وقت نواز شریف کو برا بھلا کہہ رہے تھے لیکن انہوں نے پھر بھی بات چیت کیلئے عمران خان کی طرف ہاتھ بڑھایا تھانواز شریف نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ وہ ملکی مفاد کو ہر چیز پر مقدم رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

 نواز شریف کو مزاحمتی سیاست او ر بیانیے کی وجہ سے کافی نقصان اٹھانا پڑا جلا وطنی کاٹنی پڑی اور ان کے کاروبار تباہ ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ اتنے بڑے عہدے پر فائز رہے ہیں۔ انہیں جیب سے قرآن نکال کر قسمیں نہیں اٹھانی چاہیے تھیں، تاہم ان کی بات یہ درست ہے کہ انہوں نے نواز شریف کو لندن نہیں بجھوایا تھا۔گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو علاج کی غرض سے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی کابینہ نے لندن بھجوایا تھا۔

عمران خان نے اپنا ڈاکٹر بھیجوا کر تصدیق کی تھی کہ نواز شریف بیمار ہے یا نہیں اور اس کے بعد نواز شریف کی تمام میڈیکل رپورٹس بھی دیکھی گئیں تھیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت کومکمل سپورٹ کر رہے ہیں اور شہباز شریف کو جب بھی کوئی مشورہ درکار ہوتا ہے تو نواز شریف ان کی رہنمائی کرتے ہیں۔

نواز شریف چاہتے ہیں کہ پارٹی کو سیاسی اورتنظیمی طور ازسر نو استوار کیا جائے اور اس ضمن میں وہ منصوبہ سازی کر رہے ہیں اور جلد مشاورت کا عمل شروع کریں گے۔رانا ثناءاللہ کامزید کہنا تھا کہ نوازشریف کا دورہ چین مکمل طور پرنجی دورہ ہے وہ چین کمیونسٹ پارٹی کی دعوت پر گئے ہیںاسی لئے انہوں نے وہاں کوئی سرکاری مصروفیات نہیں رکھی ہیں۔رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ن لیگی رہنماءجاوید لطیف کی جانب سے رانا تنویر پر 90کروڑ دیکر نشستیں لینے کے الزام میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

رانا تنویر کبھی کسی کو 90روپے نہ دے ، 90کروڑ تو بہت بڑی رقم ہوتی ہے آخر اتنی بڑی رقم دینے کا کوئی ثبوت ہوگا ،کوئی بینک ٹرانزیکشن کی گئی ہو گی یا پھر کوئی ویڈیو ثبوت ہونا چاہئے ۔جاوید لطیف کو ایسی بات نہیں کرنی چاہئے جس کا کوئی جواز ہی نہیں بنتا ۔ہم کوشش کریں گے کہ جاوید لطیف کو قائل کرلیں یا پھر انہیں کہیں گے کہ اپنی بات کے ثبوت پیش کریں۔جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ انہیں ٹارگٹ کر کے ہروایا گیا ہے۔راناثناءاللہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را پاکستان میں قتل اور دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث رہی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں