مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرے ‘ذکر اللہ مجاہد

کشمیر پوری دنیا کیلئے انسانیت کا مسئلہ بن چکا ہے جس کے حل کیلئے عالمی برداری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

پیر 17 فروری 2020 19:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2020ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرے ، کشمیری عوام 198 دنوں سے بھارتی ظلم و بربریت شکار انسانی بنیادی ضروریات سے محروم زندگی اور موت کی کشمش میں مبتلا اذیت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارلھدی ماڈل ٹاون میں جماعت اسلامی پی پی 159 کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر زون فیض الباری،امیر علاقہ جنوبی خالد بٹ، رہنما جماعت اسلامی لاہور وقار ندیم وڑاچ، ڈاکٹر مرغوب اقبال، کاشف جمیل، شعبہ خدمت خلق،ڈاکٹر محمد کاشف، حافظ محمد عباس سمیت ارکان جماعت نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ کشمیری عوام اپنی آزادی کیلئے بھارتی ظلم وبربریت سے نجات کیلئے پچھلے 70 سال سے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

198 دنوں سے خوارک، ادویات، بجلی، گیس موبائل فون اور انٹرنیٹ سمیت دیگر بنیادی ضروریات سے محروم اپنے خون سے آزادی کی شمع کو روشن کیے ہوئے ہیں ۔ کتوں ، بلیوں کے حقوق پر وایلا برپا کرنے والے انسانیت کے علمبردار کشمیر میں کھلے قتل عام پر کیوں خاموش ہیں ;238; اقوام متحدہ سمیت عالمی امن کے علمبردار یہ بتائیں کہ آخر کشمیری کب تک خوراک ، ادویات کے بغیر زندگی گزار سکیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پوری دنیا کیلئے انسانیت کا مسئلہ بن چکا ہے جس کے حل کیلئے عالمی برداری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مسئلہ کشمیر کے حل تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور کشمیریوں کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ اس موقع پر اجتماع ارکان میں گزشتہ سال کی کار کردگی کا جائزہ لیا اوررواں سال میں ہونیوالے بلدیاتی الیکشن سمیت دیگر سیاسی و تنظیمی امور کی منصوبہ بندی اور اہداف طے کیے گئے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں