جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر کرپٹ حکمرانوں کا محاسبہ کریگی‘ذبیح اللہ بلگن

ملک میں آئین، قانون اورجمہوریت کی مضبوطی کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے ‘رہنما جماعت اسلامی

منگل 19 مارچ 2024 16:35

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) جماعت اسلامی کے رہنما ذبیح اللہ بلگن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر کرپٹ حکمرانوں کا محاسبہ کرے گی، ملک میں آئین، قانون اورجمہوریت کی مضبوطی کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے اور ملک کو خاندانی بادشاہتوں سے آزاد کرائیں گے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کی غلامی سے نہیں اللہ کی مہربانی سے مسائل سے نکل سکتا ہے، اللہ کی دی گئی شریعت پر عمل کرنے والا فرد ہو، معاشرہ یا ملک حقیقی کامیابی ضرور حاصل کرتا ہے، آئی ایم ایف کا مزید دبا ملک اور قوم کے لیے نیک شگون نہیں، حکمرانوں کے نزدیک آئی ایم ایف کی چوکھٹ ہی ملک کے معاشی مسائل کا حل ہے، یہ کرپشن اور سودی نظام ختم کرنے اور گورننس کی بہتری پر توجہ نہیں دیتے۔

(جاری ہے)

حکمران اشرافیہ اپنا پروٹوکول اور مراعات کم کرے، غیر ترقیاتی اخراجات پر قابو پایا جائے،حکمران غریبوں کا خون نچوڑنا بند کریں۔ذبیح اللہ بلگن نے کہا کہ اللہ تعالی ان لوگوں کی حالت بدلتا ہے جوکوشش اور ہمت سے کام لیتے ہیں، عوام اپنے حقوق کے لیے جماعت اسلامی سے مل کر جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہم دھاندلی پر خاموش نہیں رہیں گے، عوام کے مسائل کے لیے آواز اٹھائیں گے۔ ملک میں قرآن و سنت کا نظام ہی مسائل کا حل ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں