منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام حضرت عائشہ صدیقہ کے یوم وصال پر تقریب کا انعقاد

جمعرات 28 مارچ 2024 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ام المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے یوم وصال کے موقع پر خصوصی فکری نشست و دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی،صوبائی اورضلعی عہدیداران سمیت خواتین رہنمائوں نے شرکت کی۔ ترجمان کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر ڈاکٹر فرح ناز نے کہا کہ ام المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کو تاریخ اسلام میں منفرد مقام حاصل ہے،آپ علم کے اعلی درجے پر فائز اور دین اسلام کا بہت بڑا حصہ ان کے توسط سے امت مسلمہ تک پہنچا۔

انہوں نے کہاکہ حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے اپنی پوری پاکیزہ زندگی عورتوں ومردوں میں اسلام کے احکام و قوانین اور اس کے اخلاق و عادات کی تعلیم دینے میں صرف کر کے دین اسلام کیلئے بیش بہا خدمات انجام دیں، آپ نے صرف احادیث ہی روایت نہیں کیں ،آپ رضی اللہ عنہا فقیہہ، مفسرہ ،مجتہدہ اور حافظہ بھی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آپ کو مسلمان عورتوں میں سب سے بڑی فقیہہ جانا اور تسلیم کیا جاتا ہے، آپ رضی اللہ عنہا کا شمار مدینے کی ان چند علمی شخصیات میں ہوتا تھا جن کے فتوے پر لوگوں کو مکمل اعتماد تھا،مسلم خواتین ام المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی پاکیزہ سیرت و کردار سے رہنمائی حاصل کریں۔

نائب صدر سدرہ کرامت نے سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ کا اسوہ قیامت تک خواتین کے لیے مشعل راہ ہے، سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے رشد و ہدایت کا وہ فیض کثیر جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنگت سے آپکو ملا ،امت تک منتقل کرنے میں بے مثال کردار ادا کیا۔تقریب میں انیلہ الیاس،ام حبیبہ اسماعیل،عائشہ مبشر،نورین علوی،سعدیہ ملک،رافعہ عروج ملک،حافظہ سحر عنبرین،شاہدہ مغل سمیت خواتین رہنمائوں نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں