یوم بدر حق و باطل کے پہلے معرکہ میں مسلمانوں کی فتح سے طاغوت کے ایوانوں میں مایوسیاں چھا گئیں: ملی مجلس شرعی

جمعہ 29 مارچ 2024 20:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2024ء) ملی مجلس شرعی(تمام مکاتب فکر پر مشتمل اتحاد ) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ یوم بدر حق و باطل کے پہلے معرکہ میں مسلمانوں کی فتح سے طاغوت کے ایوانوں میں مایوسیاں چھا گئیں،حق چھا گیا اور باطل اپنے انجام کو پہنچ گیا،فضائے بدر پیدا ہوگی تو اللہ تعالیٰ کی تائید اور نصرت ہمارے شامل حال ہو گی اور ہم دنیا اور آخرت دونوں میں کامیاب ہو سکیں گے۔

ان خیالات کا اظہار ایک مجلس میں ملی مجلس شرعی کے زاہد الراشدی مولاناڈاکٹر محمد امین ،مولانا عبدالرؤف ملک، مولانا سردار محمد خان لغاری، مولانا حافظ عبدالغفار روپڑی، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،ڈاکٹرمفتی محمد کریم خان، مولانا عبدالرؤف فاروقی، حافظ محمد عمران طحاوی، حاجی عبداللطیف چیمہ، حافظ ڈاکٹر محمد سلیم، مولانا عبداللہ مدنی ،مولانا قاسم احراری، مولانا قاری محمد عثمان رمضان،صاحبزادہ محمد فاروق قادری، مولاناحافظ نعمان حامداور دیگر علماء کرام نے کیا۔

(جاری ہے)

علماء کا مزید کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ تقریباً ساڑھے چودہ سو سال پہلے غلبہ دین کے لیے کی جانے والی یہ ایمان افروز جدوجہد امتِ مسلمہ کے ہر فرد کے لیے مشعل راہ ہے۔ آج مسلمان دنیا بھر میں اس لیے مغلوب ہیں کہ اٴْنہوں نے انفرادی اور اجتماعی سطح پر اللہ کے دین کو اپنانے اور نافذ و قائم کرنے سے گریز کیا ہے۔ ایمان کے اس ضعف اور قرآن و جہاد سے دوری کے سبب اللہ تعالیٰ نے دشمن کے دلوں سے مسلمانوں کا رعب نکال دیا ہے اور دنیا کے ہر کونے میں طاغوتی قوتیں مسلمانوں پر بدترین ظلم و ستم ڈھا رہی ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ امتِ مسلمہ غزوہ بدر کی روح کو پھر سے زندہ کرے۔ فضائے بدر پیدا ہوگی تو اللہ تعالیٰ کی تائید اور نصرت ہمارے شامل حال ہو گی اور ہم دنیا اور آخرت دونوں میں کامیاب ہو سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں