کوشش ہے روٹی اور نان کی قیمت مزید کم کی جائے ،کسان کارڈ بھی متعارف کروانے جا رہے ہیں‘ پنجاب حکومت

وزیر اعلی مریم نواز کی ڈکشنری میں ناممکن کا لفظ نہیں ،خیبر پختونخوا ہ کی حکومت نے آج تک نہیں بتایا عوام کیلئے کیا کر رہے ہیں عوامی فلاح کے کام میں تنقید سمجھ سے باہر ہے‘ وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر خوراک بلال یاسین کی ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس

بدھ 17 اپریل 2024 17:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) آنے والے دنوں میں کوشش ہو گی کہ روٹی اور نان کی قیمت مزید کم کی جائے ،کسان کارڈ بھی متعارف کروانے جا رہے ہیں،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ڈکشنری میں ناممکن کا لفظ نہیں ہے،خیبر پختونخوا ہ کی حکومت نے آج تک نہیں بتایا کہ عوام کے لیے کیا کر رہے ہیں،، عوامی فلاح کے کام میں تنقید سمجھ سے باہر ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری اوروزیر خوراک بلال یاسین نے ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز پاکستان میں ٹرینڈ سیٹر بن گئی ہیں،تمام صوبے ان کو کاپی کرتے ہیں،عوام کو ریلیف دینے کے معاملے میں کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا،پنجاب میں پہلی بار کسی حکومت نے روٹی کے معاملے پر بولڈ سٹیپ لیا ہے۔

(جاری ہے)

مریم نواز کو عام آدمی کی فکر ہے ، انہیں فکر ہے کہ عام آدمی کو سستی روٹی ملنی چاہیے۔ ۔ روٹی کی قیمت کیا ہونی چاہیے یا روٹی سستی ہونی چاہیے اس پر گزشتہ 6 سال کسی نے بات نہیں کی ۔ مریم نواز عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کے اقدامات کر رہی ہیں ۔ پوری انتظامیہ اس وقت فیلڈ میں موجود ہے اور سستی روٹی اور نان کی نوٹیفائیڈ قیمتوں پر موجودگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آغاز میں ہر کام میں مشکلات آتی ہیں،جب عام آدمی کو ریلیف دینے کی بات آئے تو رکاوٹیں بھی ڈالی جاتی ہیں،مریم نواز کی ڈکشنری میں ناممکن کا لفظ نہیں ہے۔ خیبر پختونخوا ہ کی حکومت نے آج تک نہیں بتایا کہ عوام کے لیے کیا کر رہے ہیں۔ آپ کو اگر پچھلے 10 سال میں روٹی کی قیمت کم کرنا یاد نیں آیا اور مریم نواز کو دیکھ کر یاد آگیا تو اس میں شرم کی کیا بات ہے ، مریم نواز جو اعلان کرتی ہیں وہ اسے ہر حال میں پورا کرتی ہیں،مریم نواز نے نگہبان رمضان پیکج دیا جسے خیبر پختوانخواہ کی حکومت نے کاپی کیا اور بعد میں مکر گئے ۔

بیرسٹر سیف سے پوچھوں گی آپ کو معلوم نہیں کہ صحت کارڈ نواز شریف کا پراجیکٹ ہے ،یہ نواز شریف نے لانچ کیا تھا، ایک طرف کہتے ہیں کہ ہم بھی ایئر ایمبولینس خریدیں گے پھر کہتے ہیں اس کی ضرورت نہیں۔ نواز شریف تین بار ملک کے وزیر اعظم رہے ،انہوںنے ملک کے لئے جو کچھ کیا کسی اور نے نہیں کیا ،ہم فخر کے ساتھ آٹے کے تھیلوں پر نواز شریف کی تصویریں لگاتے ہیں۔

وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ ہمارا مشن ہے کے نان 20 اور روٹی 16 روپے میں لازمی ملے، عام آدمی اس فیصلے پر بہت خوش ہے،لوگوں نے جب اس اعلان کا سنا تو انہیں بے حد خوشی ہوئی۔ میں خود فیلڈ میں موجود ہوں اور سستی روٹی اور نان کی موجودگی نوٹیفائیڈ قیمت پر یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 20 کلو آٹے کی بوری کی قیمت میں 500 روپے کمی کی گئی ہے، یہ سب ایک رات میں نہیں ہوا،اس پر پورا کام کیا گیا ہے اور پوری ٹیم نے ہوم ورک کیا ہے ۔

آٹا سستا ہونے کا فائدہ اگر عام آدمی کو نہ پہنچے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ دو دن میں مختلف مقامات پر 10 ہزار کے قریب مقامات کو چیک کیا گیا ہے،2500 سے زائد مقامات پر شکایات ملیں اور گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں اور جرمانے کیے گئے ۔ روزانہ کی بنیاد پر میں خود نکل کر شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کرتا ہوں اور چیک کرتا ہوں کہ عملدرآمد ہو رہا ہے یا نہیں۔

مجھے دکھ ہے کہ خیبر پختونخوا ہ کے وزیر اعلی اس بات پر تنقید کر رہے ہیں ، عوامی فلاح کے کام میں تنقید سمجھ سے باہر ہے۔ انہوںنے کہا کہ سستی روٹی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کئے جائیں گے ،غریب آدمی کو مہنگائی کے بوجھ سے نکالنا ہے، آنے والے دنوں میں کوشش ہو گی کہ روٹی اور نان کی قیمت مزید کم کی جائے ،ہم کسان کارڈ بھی متعارف کروانے جا رہے ہیں،کسان کارڈ کی صورت میں کسانوں کو بہت بڑا پیکج دیا جائے گا، کس طرح کسان کو کھاد سستی دینی ہے اس پر کام ہو رہا ہے، ہماری حکومت کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں