بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے لیسکوہیڈ کوارٹر میں ای کچہری کا انعقاد

بدھ 17 اپریل 2024 18:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) چیف ایگزیکٹو انجینئرشاہد حیدرکی زیرِصدارت بدھ کو لیسکو ہیڈکوارٹر میں ای کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں فیس بک کے لائیو سیشن کے ذریعے صارفین کی شکایات سنی گئیں اور ان کے فی الفور ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے۔ لیسکو کی خصوصی ای کچہری میں چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کے علاوہ چیف انجینئر پلاننگ عمران محمود، چیف انجینئر ٹی اینڈ جی ظفر اقبال، ڈی جی امپلیمنٹیشن طارق عثمان اور ڈپٹی منیجر کمپلینٹ سیل رانا رضوان صبغت اللہ سمیت میٹریل مینجمنٹ اور شعبہ پلاننگ کے افسران بھی موجود تھے جبکہ لیسکو کے تمام سرکلز کے ایس ایز نے بھی فیس بک لنک کے ذریعے شرکت کی۔

چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے ای کچہری میں موصول ہونے والی شکایات پر متعلقہ افسران کو فی الفور ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

لیسکو چیف نے تمام سرکل کے سربراہان کو ہدایت کی کہ سیفٹی ہیزرڈ بننے والی تاروں کو فوری تبدیل کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنا یا جائے کہ صارفین کو ان کی ریڈنگ کے مطابق بل جاری ہوں اور صارفین کی شکایات کے ازالے کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔انہوں نے صارفین سے بھی درخواست کی کہ بجلی کی بلا تعطل سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے اپنے بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی کریں۔ واضح رہے کہ ہر ماہ لیسکو چیف اپنی ٹیم کے ہمراہ فیس بک پیج LESCO PMDU کے ذریعے عوام کی شکایات وصول کرتے ہیں جن کے فی الفور ازالے کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں