پاکستان بھر میں تمام اقلیتیں مکمل آزادی سے اپنے تہوار منا رہی ہیں،صوبائی وزیراقلیتی امور

اتوار 28 اپریل 2024 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رامیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ آئین پاکستان وطن عزیز میں بسنے والے تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل آزادی دیتا ہے، آئین کی نظر میں پاکستان میں بسنے والے ہر فرد کو بلا امتیاز رنگ و نسل مساوی حقوق حاصل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں کرسچیئن ٹائون سیالکوٹ میں واقع ہاروسٹ لائف چرچ میں مسیحی کمیونٹی کے اجتماع سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خوبصورتی یہ ہے کہ یہاں بسنے والے عوام اپنے عقائد اور مذہبی رسومات کی انجام دہی کیلئے آزاد ہیں جس کا مظاہرہ حال ہی میں ایسٹر، رمضان، عید ، ہولی اور بیساکھی کے تہواروں کا انعقاد ہے جس میں تمام مذاہب کے لوگ ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں اور یہی پیغام اللہ کی جانب سے بھیجے گئے نبیوں، پیغمبروں اوراولیا کا بھی ہے جنھوں نے محبت، بھلائی، اخوت، رواداری کا درس دیا اور اس کیلئے تکالیف بھی برداشت کیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ حضرت عیسی علیہ السلام اور حضرت امام حسین علیہ السلام نے ظلم کے سامنے ڈٹ جانے کا پیغام دیا جس پر عمل کرکے معاشرے سے ناانصافی اور ظلم کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے پاکستان لائف اسٹائل فرنیچر نمائش کا بھی افتتاح کیا اور فرنیچر بنانے والی مختلف کمپنیوں کی جانب سے لگائے جانے والے اسٹالز کا معائنہ کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں