دانیہ ابھی بھی عامر کے نکاح میں ہے،عامر لیاقت کے انتقال کے بعد دانیہ ملک کی والدہ کا موقف آ گیا

عامر لیاقت کا اچانک موت کا سن کر بہت دکھی ہیں،تین چار دن پہلے صلح کے لیے فون آیا تو ہم نے کہا کہ معاملہ کافی بگڑ گیا،آپ پہلے خود کو سنبھالیں پھر دیکھیں گے،حکومت سیکیورٹی دے تو تدفین کے لیے کراچی جائیں گے۔سلمیٰ بیگم کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 9 جون 2022 17:26

دانیہ ابھی بھی عامر کے نکاح میں ہے،عامر لیاقت کے انتقال کے بعد دانیہ ملک کی والدہ کا موقف آ گیا
لودھراں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جون2022ء) رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کے انتقال کے بعد ان کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک کی والدہ سلمیٰ بیگم کا موقف بھی سامنے آ گیا ہے۔انہوں نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عامر لیاقت کی اچانک وفات کا سن کر ہمیں افسوس ہوا۔تین چار دن پہلے عامر لیاقت کا صلح کے لیے فون آیا تھا۔خلع کے کیس کے بعد عامر لیاقت شروع دن سے صلح کرنا چاہتے تھے۔

میں نے ان کو کہا کہ معاملہ کافی بگڑ گیا۔آپ پہلے خود کو سنبھالیں پھر دیکھیں گے۔عامر لیاقت صلح کا سن کر کافی خوش تھے،کہا کہ گاؤں آکر معافی مانگوں گا۔انہوں نے کہا کہ ابھی طلاق نہیں ہوئی تھی۔عدالت بھی صلح کا موقع دیتی۔ان سے سوال کیا گیا کہ کیا عامر لیاقت کی موت کے حوالے سے آپ سے بھی تفتیش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

جس کے جواب میں سلمیٰ بیگم نے کہا ہم سے پولیس کیا تفتیش کرے گی،ہم تو عامر لیاقت کے ساتھ نہیں رہ رہے تھے۔

ہم کوئی بڑے لوگ نہیں جو عامر لیاقت پر دباؤ ڈالتے۔اگر حکومت ہمیں سیکیورٹی دے تو عامر لیاقت کی تدفین کے لیے کراچی جائیں گے۔وہ ہمارا بیٹا تھا، ہمارا داماد تھا اور دانیہ ابھی تک اس کے نکاح میں ہے۔خیال رہے کہ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے ہیں ، پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے ، عامر لیاقت حسین کی میت کا پوسٹ مارٹم کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد عامر لیاقت حسین کی موت کی وجہ سامنے آئے گی تاہم ملازمین کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کی طبعیت گذشتہ رات سے خراب تھی ، انہیں دل میں تکلیف محسوس ہو رہی تھی۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عامر لیاقت حسین کے گھر میں دھواں بھرا ہوا تھا ، بظاہر ان کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا ، موت کی وجہ معلوم کرنے کیلئے مختلف ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد موت کی وجہ معلوم ہو گی، ان کے حوالے سے اطلاع دوپہر ایک بجے ملی تھی ، عامر لیاقت کے ساتھ دو ملازمین رہائش پذیر تھے، تاحال ان کے اہلخانہ سے رابطہ نہیں ہو سکا۔

یہاں واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین تیسری اہلیہ کے الزامات کے بعد پریشانی کا شکار تھے جس کا اظہار وہ سوشل میڈیا پر بھی کرتے تھے ، عامر لیاقت حسین نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ جلد ملک کو چھوڑ جائیں گے ، ذرائع کے مطابق عامر لیاقت نے کچھ عرصہ سے لوگوں سے ملنا جلنا بھی چھوڑ دیا تھا۔

لودھراں میں شائع ہونے والی مزید خبریں