وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق سے پاکستان چائنہ کامرس الائنس انٹرنیشل کے وائس پریزیڈنٹ بلال جنجوعہ و سکیورٹی اینڈ ایوی ایشن کے ایڈوائزر سید توقیر حیدر کی ملاقات

پیر 25 مارچ 2024 20:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے پاکستان چائنہ کامرس الائنس انٹرنیشل کے وائس پریزیڈنٹ بلال جنجوعہ اور سکیورٹی اینڈ ایوی ایشن کے ایڈوائزر سید توقیر حیدر نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر کرنل وقار احمد نور، وزراء حکومت محترمہ امتیاز نسیم اور سردار عامر الطاف بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران آزادکشمیر میں انفرسٹرکچر،سیاحت،ایوی ایشن،زراعت،سمال انڈسٹریز سمیت مختلف شعبوں میں منصوبے لگانے کے مواقعوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فریقین نے چین سے آزادکشمیر میں براہ راست سرمایہ کاری کے حوالے سے وفود کی سطح پر تبادلہ خیال سے اتفاق کیا۔وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی باہمی شراکت کے زریں اصولوں پر مبنی ہے اور یہ انتہائی پائیدار بنیادوں پر استوار ہے، چین نے آزادکشمیر میں کئی منصوبے شروع کر رکھے ہیں جن میں ہائیڈرل کے منصوبے بہت اہم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر پرامن علاقہ ہے جہاں کے لوگ بھی بہت محنتی،مہمان نواز اور قابل ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر سے کئی طلباء چین کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور کئی کاروبار بھی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملتا ہے اور سیکھنے اور آگے بڑھنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین نے اپنی محنت کی بدولت مختصر عرصے میں دنیا میں نام پیدا کیا ہے جس کی ترقی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں حکومت بیرونی سرمایہ کاری کا خیرقدم کرے گی اور ہم آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو وی وی آئی پی پروٹوکول دیں گے۔بعد ازاں وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں