ہمیں اپنی نئی نسل کے اندر مسلمانوں کے روشن ماضی کی طرح ایک دفع پھر سے تعلیمی فکر کو پیدا کرنا ہے ، احسن اقبال

پیر 25 مارچ 2024 15:35

ہمیں اپنی نئی نسل کے اندر مسلمانوں کے روشن ماضی کی طرح ایک دفع پھر سے تعلیمی فکر کو پیدا کرنا ہے ، احسن اقبال
نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے یونیورسٹی آف نارووال میں روڈز،سیوریج اور واٹر سپلائی سمیت مختلف آپریشنل فسیلٹیز پر مبنی سکیموں کے سنگ بنیاد کی تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ ممبر نیشنل اسمبلی چودھری انوار الحق،ممبر نیشنل اسمبلی وجیہ اکرم چودھری،صوبائی وزیر مذہبی و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ،ممبر صوبائی اسمبلی رانا منان اور سابق چئیرمین میونسپل کمیٹی نارووال سید اظہرالحسن گیلانی سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی اس تقریب میں شریک تھے۔

یونیورسٹی نارووال پہنچنے پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری کا یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی آف نارووال کی ٹیکنیکل ٹیم کی جانب سے پروفیسر احسن اقبال چودھری کو مذکورہ اسکیموں بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال چودھری نے روڈ رولر چلا کر آپریشنل فسیلٹیز پر کام کا باقاعدہ افتتاح کیا اور یونیورسٹی آف نارووال کے ٹرانسپورٹ پول کیلئے خریدی جانے والی 4 بسیں یونیورسٹی انتظامیہ کے حوالے کیں اور ایڈمن بلاک میں پودا بھی لگایا۔

بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال چودھری کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف نارووال کے ان منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنا میرے لئے خوشی کی بات ہے۔ جن منصوبوں کی منظوری ہمارے دور میں دی گئی وہ پچھلی حکومت کے دور میں بلاوجہ التوا ءکا شکار رہے۔میرے ساتھ منسوب تمام تر منصوبوں پر کام کو بلاوجہ روکا گیا۔ہم نے سینٹر آف ایکسی لینس کے لئے زمین کی خریداری کے لئے پچھلی پنجاب گورنمنٹ نے پیسے روک لئے اور پی۔

ٹی۔آئی کی لوکل قیادت نے اس منصوبے کی تکمیل کو روک کر اپنی تعلیم دشمن سوچ اور انتقامی کارروائی کا منہ بولتا ثبوت دیا۔یونیورسٹی آف نارووال کے کئی ایک منصوبے جن کو چار سال بلا وجہ التوا کئے رکھا اب ان منصوبوں کی لاگت کئی گناہ بڑھ چکی ہے اب کیا اس نقصان کا ازالہ اڈیالہ جیل میں موجود ہینڈ سم لیڈر کرے گا۔انہوں نے کہا کہ نارووال کی سطح پر چلتے ہوئے تمام منصوبے بند کئے گئے اور اس طرح نارووال کی ترقی کو روکا گیا۔

ہم نے آپ بچوں کےلئے تعلیم کی تمام تر سہولیات مہیا کی ہیں اب آپ تعلیم کے میدان میں اپنا مقام خود پیدا کریں۔ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنا نام پیدا کریں۔آئی۔ٹی کے استعمال سے دنیا بھر کی لائبریریوں سے اپنی تعلیمی ضروریات کو پورا کریں اور ریسرچ کی دنیا میں اپنا نام پیدا کریں۔اپنے اس وقت کا بھرپور استعمال کریں اور اپنی انٹلیکچول گروتھ پر دھان دیں۔

صرف نوٹسز پر اکتفا کرنے سے آپ آج کی دنیا کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے۔آج انوویشن کا زمانہ ہے آپ کو چاھیے کہ اپنے علم کو آپ گریڈ کرتے رہیں۔نئی نئی چیزیں سیکھیں اور اپنے آپ کو لائف لانگ لرنر کے طور پر تیار کریں۔میری خواہش ہے کہ ہم ملکی سطح پر نارووال کی پہچان لیڈر آف ایجوکیشن کے طور پر کرواسکیں۔مجھے امید ہے کہ آپ میرے اس خوب کو شرمندہ تعبیر ضرور کریں گے۔

حالیہ الیکشن کمپین کے دوران مجھے ایسے کئی والدین ملے ہیں جن کے بچوں کا مستقبل انہی یونیورسٹیوں کی وجہ سے روشن ھوا ھے آج یونیورسٹی آف نارووال کے بچے دنیا کی بہترین درسگاہوں میں اپنی تعلیم کو مکمل کر رھے ہیں۔شکرگڑھ اور ظفروال سمیت دور دراز کے علاقوں کے بچے اور بچیوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولیات مہیا کریں تاکہ تمام تر طلبہ کو یہ سہولت میسر آسکے۔

اس یونیورسٹی کی بنیاد کا اصل مقصد اپنی نئی نسل کے اندر مسلمانوں کے روشن ماضی کی طرح ایک دفع پھر سے تعلیمی فکر کو پیدا کرنا ہے اور اس ادارے کی ریسرچ کو مجموعی طور پر مسلم امہ کے فائدے کے لئے پیش کرنا ہے۔آج آپ اسرائیل کو دیکھیں کہ وہ انتہائی قلیل تعداد میں ہوتے ہوئے بھی کروڑوں مسلمانوں کے لئے مصائب کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ آج ٹیکنالوجی میں مسلم دنیا سے بہت آگے ہے۔ہمارا روشن مستقبل آپ بچوں کی محنت اور کوشش کے ساتھ وابستہ ہے اس لئے جی بھر کے محنت کریں۔

نارووال میں شائع ہونے والی مزید خبریں