جو نقصان ہوا اس کا ازالہ کیا اڈیالہ جیل میں موجود ہینڈ سم لیڈر کرے گا؟ احسن اقبال

روائتی طریقہ سے ہم دنیا کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے، نوجوانوں کو ٹیکنالوجی،آئی ٹی اور ریسرچ میں اپنا نام پیدا کرنا چاہیئے۔ یونیورسٹی آف نارووال میں تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی پیر 25 مارچ 2024 16:42

جو نقصان ہوا اس کا ازالہ کیا اڈیالہ جیل میں موجود ہینڈ سم لیڈر کرے گا؟ احسن اقبال
نارووال ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ 2024ء ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمارا روشن مستقبل نوجوان طلبہ کی محنت اور کوشش کے ساتھ وابسطہ ہے، نوجوانوں کو ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور ریسرچ میں اپنا نام پیدا کرناچاہیئے، روائتی طریقہ سے ہم دنیا کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے، جو نقصان ہوا اس کا ازالہ کیا اڈیالہ جیل میں موجود ہینڈ سم لیڈر کرے گا؟۔

یونیورسٹی آف نارووال میں روڈز، سیوریج اور واٹر سپلائی سمیت مختلف آپریشنل فسیلٹیز پر مبنی سکیموں کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف نارووال کے ان منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنا میرے لئے خوشی کی بات ہے جن منصوبوں کی منظوری ہمارے دور میں دی گئی وہ پچھلی حکومت کے دور میں بلاوجہ التوا کا شکار رہے، میرے ساتھ منسوب تمام تر منصوبوں پر کام کو بلاوجہ روکا گیا، ہم نے سینٹر آف ایکسیلینس کے لئے زمین کی خریداری کے لئے پچھلی پنجاب گورنمنٹ نے پیسے روک لیے اور پی ٹی آئی کی لوکل قیادت نے اس منصوبے کی تکمیل کو روک کر اپنی تعلیم دشمن سوچ اور انتقامی کارروائی کا منہ بولتا ثبوت دیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ یونیورسٹی آف نارووال کے کئی ایک منصوبے جن کو چار سال بلا وجہ التوا کیے رکھا اب ان منصوبوں کی لاگت کئی گناہ بڑھ چکی ہے، اب کیا اس نقصان کا ازالہ اڈیالہ جیل میں موجود ہینڈ سم لیڈر کرے گا؟ نارووال کی سطح پر چلتے ہوئے تمام منصوبے بند کئے گئے اور اس طرح نارووال کی ترقی کو روکا گیا، نارووال سپورٹس سٹی کو تباہ کیا گیا اگر سپورٹس سٹی پر جاری منصوبے بروقت مکمل کرلئے جاتے تو آج وہاں پی ایس ایل کے میچ ہوتے ہمارے بچے ان گرائونڈز میں کھیل کر اپنی صلاحیتوں کو نکھارتے اور وطن عزیز کا نام روشن کرتے، اگر آپ ہیومن ریسورس کو بہترین ایچ آر میں تبدیل کردیں تو یہی بہتر ایچ آر اپنا جہان خود پیدا کرسکتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے آپ بچوں کیلئے تعلیم کی تمام تر سہولیات مہیا کی ہیں اب آپ تعلیم کے میدان میں اپنا مقام خود پیدا کریں، ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنا نام پیدا کریں، آئی ٹی کے استعمال سے دنیا بھر کی لائبریریوں سے اپنی تعلیمی ضروریات کو پورا کریں اور ریسرچ کی دنیا میں اپنا نام پیدا کریں، اپنے اس وقت کا بھرپور استعمال کریں اور اپنی انٹلیکچول گروتھ پر دھیان دیں، صرف نوٹسز پر اکتفا کرنے سے آپ آج کی دنیا کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے، آج انوویشن کا زمانہ ہے آپ کو چاہیئے کہ اپنے علم کو آپ گریڈ کرتے رہیں، نئی نئی چیزیں سیکھیں اور اپنے آپ کو لائف لانگ لرنر کے طور پر تیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ہم ملکی سطح پر نارووال کی پہچان لیڈر آف ایجوکیشن کے طور پر کرواسکیں، مجھے امید ہے کہ آپ میرے اس خواب کو شرمندہ تعبیر ضرور کریں گے، حالیہ الیکشن مہم کے دوران مجھے ایسے کئی والدین ملے ہیں جن کے بچوں کا مستقبل انہی یونیورسٹیوں کی وجہ سے روشن ہوا ہے، آج یونیورسٹی آف نارووال کے بچے دنیا کی بہترین درسگاہوں میں اپنی تعلیم کو مکمل کر رہے ہیں، شکرگڑھ اور ظفروال سمیت دور دراز کے علاقوں کے بچے اور بچیوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولیات مہیا کریں تاکہ تمام تر طلبہ کو یہ سہولت میسر آسکے۔

مسلم لیگ ن کے رہنماء نے کہا کہ اس یونیورسٹی کی بنیاد کا اصل مقصد اپنی نئی نسل کے اندر مسلمانوں کے روشن ماضی کی طرح ایک دفع پھر سے تعلیمی فکر کو پیدا کرنا ہے اور اس ادارے کی ریسرچ کو مجموعی طور پر مسلم امہ کے فائدے کے لئے پیش کرنا ہے، آج آپ اسرائیل کو دیکھیں کہ وہ انتہائی قلیل تعداد میں ہوتے ہوئے بھی کروڑوں مسلمانوں کے لئے مصائب کے پہاڑ توڑ رہا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ آج ٹیکنالوجی میں مسلم دنیا سے بہت آگے ہے، ہمارا روشن مستقبل آپ بچوں کی محنت اور کوشش کے ساتھ وابسطہ ہے اس لیے جی بھر کے محنت کریں۔

نارووال میں شائع ہونے والی مزید خبریں