ڈیرہ مرادجمالی، بھارت کا کشمیر پر غاصبانہ قبضہ زیادہ دیر تک نہیں چلے گا، مولانا عبدالحکیم انقلابی

ہفتہ 14 ستمبر 2019 17:25

ڈیرہ مرادجمالی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2019ء) جمعیت علماء پاکستان بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالحکیم انقلابی اور ضلعی صدر غلام مصطفٰی کورار نے کہا ہے کہ بھارت کے پاس کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں، پاکستان اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ثابت قدمی کے ساتھ کھڑا ہے، بھارت کا کشمیر پر غاصبانہ قبضہ زیادہ دیر تک نہیں چلے گا، پاکستان حکومت اور عوام کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں انکے شانہ بشانہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو پست نہیں کرسکتا مسلسل 40 دن سے کشمیر میں کرفیو کے باعث کشمیری عوام کے پاس اشیاء خوردو نوش اور ادویات کی شدید قلت ہوگئی ہے اور کسی بھی وقت کشمیر میں کوئی بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام پر مظالم سے توجہ ہٹانے کیلئے بے بنیاد پروپیگنڈہ کررہا ہے اگر بھارت نے پاکستان یا آزاد کشمیرمیں کوئی کارروائی کرنے کی غلطی کی تو پاکستانی فوج بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجا دے گی، پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کیلئے پوری پاکستانی قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی آرمی چیف کی آزادکشمیر پر قبضے کی دھمکی دیوانے کی بڑھک کے سوا کچھ نہیں، بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکیوں سے بھارت کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ مقررین نے کہا کہ حکومت کی موثر خارجہ پالیسی کے باعث پوری دنیا میں بھارت کا ظالم چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، سلامتی کونسل، او آئی سی اور خصوصاً جنیوا میں 58 ممالک کا مشترکہ اعلامیہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی تائید ہے۔

نصیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں