شمالی وزیرستان ؛ دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ‘ ایک سپاہی شہید

دہشت گردوں سے مقابلے میں سکیورٹی اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کیا ‘ سکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا ۔ آئی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی اتوار 12 جون 2022 11:09

شمالی وزیرستان ؛ دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ‘ ایک سپاہی شہید
شمالی وزیرستان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 جون 2022ء ) سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید ہوگیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان دتہ خیل میں دہشت گردوں سے مقابلے میں سکیورٹی اہلکاروں نے اپنی بہادری کا مظاہرہ کیا ، سکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا ، فائرنگ کے تبادلے میں 25 سالہ سپاہی شاہ زیب امتیاز بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوا ۔

خیال رہے کہ پاک فوج کا دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے ، جہاں چند روز قبل سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان آپریشن کے دوران دو دہشتگرد ہلاک کردیے ، مارے جانے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے ، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ گولہ بارود برآمد ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کیا ، خفیہ اطلاعات پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے ، مارے جانے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے ، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ گولہ بارود برآمد ہوا۔

شمالی وزیرستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں