پاکپتن،گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں سکالرشپ کی تقسیم کی تقریب

بدھ 24 مئی 2023 19:40

پاکپتن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2023ء) ڈپٹی کمشنر امتیاز احمد خان کھچی نے کہا ہے کہ طلباء و طالبات کی تعلیمی استعداد کار میں اضافہ دور حاضر کا تقاضہ ہے، حکومت پنجاب طلباء طالبات کی سکلز کو بڑھانے کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے اور دور جدید کے مطابق طلباء طالبات کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، طلباء طالبات میں تعلیم حاصل کرنے کے جذبے کو ابھارنے اور ان کی مخفی صلاحیتوں کو جاگر کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور ان کی تعمیری، اخلاقی اقدار کو پروان چڑھایا جائے، طلباء طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے وطن عزیز کو ترقی کے افق کی بلندیوں سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے، یہ باتیں انہوں نے گورنمنٹ خواتین کالج میں طلباء طالبات کو میرٹ سکالر شپ کے وظائف دینے کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیں، جس میں ڈائریکٹر کالجز ساہیوال ڈویژن پرفیسر محمد مسعود فریدی، ڈی ڈی کالجز رائے ممتاز، پرنسپل گورنمنٹ فریدیہ پوسٹ گریجوایٹ کالج مسعود شریف،پرنسپل گورنمنٹ خواتین کالجز تسنیم مشتاق اور دیگر کالجز کے پرنسپل بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر کالجز ساہیوال ڈویژن مسعود فریدی نے کہا کہ طلباء طالبات تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں اور دور جدید کے مطابق ٹیکنیکل تعلیم بھی حاصل کریں، ڈی ڈی کالجز رائے ممتاز حسین نے کہا کہ جن طلباء طالبات نے تعلیم کو اپنا مقصد حیات بنایا انہیں ہر میدان میں کامیابی ملی، پرنسپل تسنیم مشتاق نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ گورنمنٹ خواتین کالج کا شمار وطن عزیز کے بہترین کالجز میں ہوتا ہے اور ہر سال گورنمنٹ خواتین کالج کی طالبات پوزیشن حاصل کرتی ہیں، ڈپٹی کمشنر امتیاز احمد خاں کھچی نے طلباء طالبات اور اساتذہ کرام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد، ایمان، نظم و ضبط پر عمل پیرا ہوں اورتعلیم دینے کے روایتی طریقہ کا ر، سوچ، فکر اور عمل کو بدلیں۔

انہوں نے کہا کہ طلبا ء طالبات کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے عملی طور پر کاوشیں کریں، علاوہ ازیں میرٹ سکالر شپ کے تحت ہائر ایجو کیشن کی طرف سے میرٹ سکالر شپ کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر امتیاز احمد خاں کھچی، ڈائریکٹر کالجز مسعود فریدی نے1 لاکھ29 ہزار 8 سو 80 روپے کے میرٹ سکالر شپ گورنمنٹ خواتین کالج کی بی ایس آنرزکی 22 طالبات کو فی کس 2700 روپے اور انٹر کی33 طالبات کو فی کس2160 روپے کے چیک تقسیم کیے گئے، اسی طرح گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ فریدیہ کالج کے طلبا ء کو 91 ہزار8 سو روپے بی ایس آنرز کے2 طلباء میں فی کس2700 روپے اور انٹر میڈیٹ کے 40 طلباء میں فی کس2160 روپے کی میرٹ سکالر شپ کے چیک تقسیم کیے گئے، علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر امتیاز احمد خاں کھچی نے پرنسپل گورنمنٹ خواتین کالج تسنیم مشتاق سے یاد گاری شیلڈ بھی وصول کی۔

\378

پاکپتن میں شائع ہونے والی مزید خبریں