مسروقہ موبائل فونز افغانستان سمگل کرنے والا گروہ گرفتار

جمعہ 20 نومبر 2020 18:13

پشاور۔20نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20نومبر2020ء) :پشاور پولیس نے ملک کے مختلف شہروں سے چوری ہونے والے قیمتی موبائل فونز ہمسایہ ملک افغانستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تین رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا، تینوں ملزمان کا تعلق شہر کے مختلف علاقوں سے ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران موبائل سنیچرز اور چوروں سے قیمتی موبائل فونز اونے پونے داموںخریدنے کے بعد ملک سے باہر سمگل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضہ سے 86 عد د قیمتی موبائل فونزبرآمد کر لئے گئے ہیں، ملزمان کی نشاندہی پر موبائل سنیچنگ اور چوری میں ملوث متعدد ملزمان کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایس پی سٹی وقار عظیم کو ملنے والی خفیہ اطلا ع پر ڈی ایس پی گلبہار لقمان خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ گلبہارواجد شاہ نے ملک کے مختلف شہروں سے چوری اور چھینے گئے قیمتی موبائل فونز ہمسایہ ملک افغانستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے پشاور سے تعلق رکھنے والے تین ملزمان خان محمد ولدثواب گل ساکن کارخانو، لقمان ولد حاجی رسول ساکن بخشی پل اور مسعود ولد جنت گل ساکن ریگی للمہ کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 86 عدد قیمتی موبائل فونز برآمد کر لئے ہیں، گرفتار ملزمان کا تعلق منظم گروہ سے ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران موبائل سنیچرز اور چوروں سے مسروقہ اور چھینے گئے موبائل فونز اونے پونے داموں خرید کر افغانستان سمگل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے جن کی نشاندہی پر متعدد موبائل دیگر ملزمان کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے، ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے ۔



پاکپتن میں شائع ہونے والی مزید خبریں