نیشنل پارٹی جمہوری بلوچ قوم کے سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کی جنگ لڑرہی ہے،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

جمعرات 15 نومبر 2018 22:24

پسنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) سابق وزیر اعلی بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی جمہوری طریقے سے بلوچ قوم کے سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کی جنگ لڑرہا ہے۔ بلوچ ساحل اور وسائل کی تحفظ و دفاع کریں گے۔ پارٹی کو ازسر نو منظم کرنے کے لئے یونٹ سازی اور تنظیم کاری کے ذریعے مضبوط کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پسنی میں پارٹی کے ضلعی رہنما یوسف عبدالرحمان کے رہائش گاہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ اس موقع پر صوبائی رہنما آدم قادربخش، چیئرمین میونسپل کمیٹی پسنی عبداحکیم بلوچ، فیض نگوری، یوسف عبدالرحمان، سلام اللہ اور دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہا میں نے اپنے دور وزارت اعلی میں بلوچستان کے ایک پتھر کا بھی سودا نہیں کیا ہے۔

(جاری ہے)

بلکہ بلوچ ساحل و وسائل کا دفاع نیشنل پارٹی کا ایجنڈا ہے۔اپنے فنڈر کا 45 فیصد تعلیم پر خرچ کرکے تعلیم کے بہتری کے لئے کام کیا ہے۔ تربت یونیورسٹی سے مکران میں تعلیمی انقلاب برپا ہوا ہے۔ آج چار سال کے اندر ڈھائی ہزار طلبا اپنی تعلیم مکمل کررہے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ اب ہمیں سنجیدگی سے تعلیم پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مکران سیاسی نظریات رکھنے والے کارکنوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

مگر اب دانستہ طور پر یہاں غیر سیاسی لوگوں کو لا کر بریف کیس کلچر کو فروغ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کارکن آج سے بلدیاتی انتخابات کی تیاری شروع کریں، تین ماہ کے اندر اندر پارٹی کے تنظیم کاری کرکے یونٹ سازی مکمل کرکے تحصیل کابینہ کے الیکشن کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی اٹھارویں ترمیم کو واپس کرنے کی کوشش کے خلاف ہے۔

دفاع،کرنسی اور خارجہ امور کے علاوہ تمام اختیارات صوبوں کو دے کر صوبوں کو خود مختار بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل پارٹی گوادر کو لسبیلہ کے ساتھ ملانے کی مذمت کرتا ہے۔ مکران تہذیبی اور ثقافتی حوالے سے ایک یونٹ ہے۔اس کو الگ کرنے کی سازش کے خلاف نیشنل پارٹی جمہوری انداز میں جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے سیاسی کارکنوں کو پارلیمنٹ تک پہنچایا کیونکہ ورکر پارٹی کے سرمایہ ہوتے ہیں۔

نیشنل پارٹی ایک شعوری پارٹی ہے اور ہمارا کام عوام کو یہ شعور دینا ہے کہ وہ جمہوری انذاز میں اپنے سیاسی اور معاشی حقوق کی دفاع کے لئے جدوجہد کریں۔علاوہ ازیں نیشنل پارٹی کے ضلعی رہنما یوسف عبدالرحمان نے نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا۔

پسنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں