سٹی کونسل ممبران کا اختیارات ‘ دفاتر و اعزازیہ فراہمی کا مطالبہ

ممبران کی کوہاٹی میں سڑک کنارے قائم پارکنگ سٹینڈ کا ٹینڈر منسوخ کرنے ومنشیات بحالی سنٹر قائم کرنے کی منظوری نیبر ہوڈ کونسلز دفاتر میں سٹاف کی تعیناتی ‘ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ‘ ممبران کا اجلاس سے خطاب

منگل 24 مئی 2022 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) سٹی کونسل پشاور کے ممبران نے اختیارات ‘ دفاتر اور اعزازیہ کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کی عدم فراہمی کے باعث اہل پشاور کے مسائل جوں کے توں ہیں جبکہ شہری سراپا احتجاج ہیں ۔ یہ مطالبہ سٹی کونسل پشاور کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے کنونئیر ملک طارق کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

کوہاٹی سے منتخب سٹی کونسل کے ممبر امیر زادہ نے کوہاٹی میں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مذکورہ پارکنگ سٹینڈ کی وجہ سے ٹریفک جام رہتا ہے جس پر کنونئیر نے کونسل کے ممبران سے رائے طلب کی جس پر ممبران نے متفقہ طور پر ٹینڈر منسوخ کرنے کی منظوری دی اسی طرح ممبران کی درخواست پر کونسل نے کوہاٹی میں قائم ہسپتال میں منشیات سے بحالی کا سنٹر قائم کرنے کی بھی منظوری دی ۔

(جاری ہے)

این سی 32 لاہوری سے منتخب پیپلز پارٹی کے ممبر حاجی ارشاد نے علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں بارے اعتماد میں نہ لینے اور نیبر ہوڈ کونسلز کو سٹاف کی عدم فراہمی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نمائندے چھوٹے کاموں کیلئے بھی مختلف دفاتروں کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں اس کے باوجود مسئلے حل نہیں ہوتے ۔ انہوں نے کہا کہ بلڈنگ انسپکٹرز ‘ علاقے کے میونسپل انسپکٹرز ‘ پلمبر ‘ الیکٹریشن اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کی تعیناتی نیبر ہوڈ کونسلز میں یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کے مسائل احسن طریقے سے حل ہوں ۔

حسن گڑھی سے منتخب چیئرمین ابراہیم خان نے کہا کہ علاقے میں راہزنی کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے راہزن شہریوں کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیتے ہیں جبکہ راہزن مزاحمت پر قتل کرنے پر اتر آئے ہیں حکومت فوری طور پر علاقے میں ناکہ بندیوں کا بندوبست کرے اور ابابیل فورس کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں اگر پولیس کی جانب سے کسی قسم کی توجہ نہ دی گئی تو پھر ہم خود ناکے لگائیں گے ۔

سٹی کونسل کی خاتون ممبر نیلم نے کہا کہ گلبرگ میں جگہ جگہ کھلے مین ہول موت کے کنویں بن گئے ہیں جس میں کئی بچے گر گئے ہیں جبکہ علاقے میں گیس لوڈشیڈنگ کا مسئلہ کافی عرصے سے جاری ہے جس کو حل نہیں کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کونسل ممبران کے لئے اعزازیہ مقرر کیا جائے تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں ۔خان رحمان نے اجلاس کا ایجنڈا پہلے سے نہ دینے پر احتجاج کیا اور کہا کہ انہیں پہلے سے ایجنڈا دیا جائے تاکہ وہ اس پے بات کر سکیں ۔

عالمزیب خان نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے جب تھانوں میں مسئلے حل کرنے جاتے ہیں تو ان کے مسائل پر غور نہیں کیا جاتا جبکہ سٹریٹ لائٹس کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہزاد خلیل نے کہا کہ پشاور بھر میں سوئی گیس کے کم پریشر اور لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں اور پٹواریوں کو اپنے حلقوں کو بھیجا جائے انہوں نے کہا کہ پشاور کے مختلف علاقوں کے پٹواری شہر میں بیٹھے ہیں جس کے باعث شہریوں کے مسائل حل نہیں ہو رہے ہیں ۔

حیات آباد سے منتخب ناظم عمران سلارزئی نے کہا کہ حیات آباد کے مکین گٹر کا پانی پینے پر مجبور ہیں جس کے حوالے سے کئی بار متعلقہ حکام کو آگاہ کیا مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں کمیونٹی سنٹرز قائم کئے جائیں اور خالی پلاٹس پر سکولز تعمیر کئے جائیں ۔ روزینہ بی بی نے کہا کہ گلبرگ اور گرد و نواح میں گیس لوڈشیڈنگ کے باعث شہری لکڑیاں جلانے اور ایل پی جی گیس خریدنے پر مجبور ہیں میئر پشاور فوری طور پر گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کا مسئلہ حل کرے ۔

اخونزادہ زاہد اللہ نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات نہیں دیئے جا رہے ہیں جبکہ پینے کا صاف پانی علاقہ عوام کو میسر نہیںہے ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پینے کے صاف پانی کے پائپوں میں کیڑے آنے لگے ہیں جس کے باعث شہریوں کو مختلف قسم کی بیماریاں لاحق ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نو منتخب چیئرمینوں کو تھانوں میں انگیج کیا جائے تاکہ شہریوں کے مسائل حل ہو سکے ۔

انجینئر خالد اقبال نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ میں تجاوزات کی بھرمار ہے جس کے حوالے سے کئی بار درخواستیں متعلقہ حکام کو دی ہیں تاہم مافیا کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ٹائون میں غیر قانونی ہاسٹلز قائم کئے گئے ہیں جس کو این او سی بھی جاری نہیں کیا گیا ہے جس میں منشیات بیچنے سمیت اسلحہ پڑا رہتا ہے گزشتہ دنوں ایک چھاپے کے دوران ہینڈ گرینیڈ اور پستول برآمد ہوئے جو کسی بھی دہشتگردی کے واقعے میں استعمال ہو سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پلازوں کو بغیر نقشوں کے تعمیر کیا گیا ہے مذکورہ پلازوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ شہناز بی بی نے کہا کہ خواتین کیلئے کسی قسم کے سلائی سنٹرز نہیں ہیں اسی طرح ان کے علاقے کی نالیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں فوری طور پر ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے ۔ مسعود خان نے کہا کہ ڈبلیو ایس ایس پی کی کارکردگی صفر ہے شہریوں پر 35 سے چالیس ہزار روپے کے بلز واجب الادا ہیں اگر ادارہ نظام چلانا چاہتا ہے تو فوری طور پر بلز معاف کردیئے جائیں کیونکہ اس مہنگائی کے دور میں کوئی گھر کا کرایہ بھی نہیں دے سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ میئر کو ایک روپیہ نہیں دیا گیا ہے منتخب چیئرمینوں کو چاہئے کہ وہ میئر کو مضبوط کریں تاکہ عوامی مسائل حل ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں پٹواری اپنے حلقوں میں ڈیوٹی انجام دیں اگر کوئی پٹواری اپنے حلقے میں نہیں بیٹھتا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق معطل کیا جائے گا ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں