زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے ملک کے روشن مستقبل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے، گورنربلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ کی کسان اتحاد کے وفد سےگفتگو

جمعرات 13 اپریل 2023 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2023ء) گورنربلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ یہ ہماری من حیث القوم اجتماعی بدقسمتی ہے کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود بھی زراعت میں خودکفیل نہیں ہے.معاشی ترقی دراصل زرعی ترقی سے مشروط ہےاس ضمن میں صوبے بھر کے غریب زمینداروں کو سستی بجلی کی فراہمی، معیاری بیجوں اور کھاد پر اعانت دینے سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہو سکتا ہے بلکہ غریب کاشتکاروں کو اپنی کاشتکاری سے زیادہ آمدنی بھی حاصل ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنر ہائوس کوئٹہ میں کسان اتحاد کے سربراہ خالد کھوکھر کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان نے کہا کہ زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے ملک کے روشن مستقبل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اس ترقی یافتہ دور میں بھی ہم ایگریکلچر سیکٹر میں روایتی طور طریقے استعمال کر رہے ہیں۔

کاشتکاروں کو ضروری سہولیات فراہم کرنے اور ان کے استعداد کار میں اضافہ کرنے سے نہ صرف ملکی سطح پر زراعت کو فروغ ملے گا بلکہ اس سے مجموعی طور پر قومی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ کسان اتحاد کے سربراہ خالد کھوکھر نے کہا کہ بلوچستان میں زیادہ تر لوگوں کے روزگار کا انحصار زراعت اور لائیو سٹاک پر ہے۔انہوں نے گورنر بلوچستان کو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کاشتکاروں کی قومی کانفرنس بلانے کی تجویز دی،گورنر بلوچستان نے ان کی تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کی قومی سطح پر کانفرنس کے انعقاد کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں