بلوچستان کی 14 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

گورنر عبدالولی کاکڑ نے وزراءسے حلف لیا،حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس میں ہوئی جس وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سمیت اعلیٰ سرکاری عہدیداروں وقبائلی عمائدین نے شرکت کی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 19 اپریل 2024 14:58

بلوچستان کی 14 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا
کوئٹہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل2024 ء) بلوچستان کی 14 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا،حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس میں ہوئی،حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، صوبائی سیکرٹریز، وکلاء، صحافیوں، قبائلی عمائدین سمیت پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ نے وزراءسے حلف لیاجن اراکین اسمبلی سے وزراءکا حلف لیا گیا ہے ان میں صادق عمرانی، علی مدد جتک، ظہور بلیدی، نور محمد دمڑ ،سردار فیصل جمالی، سرفراز ڈومکی، عبدالرحمان کھیتران، سلیم کھوسہ، عاصم کردگیلو،بخت کاکڑ، طارق مگسی،شعیب نوشیروانی، راحیلہ درانی اور ضیا لانگو شامل ہیں۔حلف برداری کے بعد گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ نے تمام وزراءکو مبارکبادپیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔

(جاری ہے)

بلوچستان کابینہ میں شامل وزراءمیں پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے 6،6وزراءشامل ہیں جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے دواراکین اسمبلی نے بھی آج وزراءکا حلف اٹھایا ہے ۔واضح رہے کہ دو روز قبل بلوچستان کے گورنر ہاوٴس میں منعقد ہونے والی کابینہ کی حلف برداری تقریب منسوخ کر دی گئی تھی۔اس حوالے سے گورنر ہاوٴس کے ترجمان کی جانب سے گزشتہ روز بلوچستان کی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب کی خبر جاری کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر آج ہونے والی تقریب منسوخ کر دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ 2مارچ کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے منتخب رکن صوبائی اسمبلی اور سابق نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی بلامقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوگئے تھے۔سیکرٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ کے مطابق وزارت اعلیٰ کیلئے سرفرازبگٹی کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ان کے علاوہ کسی دوسرے امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں