بلوچستان کے 32 اضلاع میں 29 مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، پرامن اور شفاف انتخابات صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے،چیف سیکرٹری بلوچستان

جمعہ 27 مئی 2022 16:29

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2022ء) چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے 32 اضلاع میں 29 مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ،پرامن اور شفاف انتخابات صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں بلدیاتی انتخابات میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں پورے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے ،بلدیاتی انتخابات کے لئے سکیورٹی ، کمیونیکیشن اور ٹرانسپورٹ پلان ترتیب دے دیا گیاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حساس اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی جائیگی ،اس ضمن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے مضبوط روابط قائم رکھیں۔

اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے پورے صوبے میں سکیورٹی انتظامات میں اضافے کے لئے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو انتخابات کے دوران بحالی امن کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے انتظامی افسران سے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں سیاسی قیادت سے رابطہ مربوط بنایا جائے اور انہیں حکومت کی طرف سے کئے گئے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا جائے، ضلعی اور صوبائی سطح پر سیاسی قیادت اور انتظامیہ ایک دوسرے سے تعاون کو بڑھائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جا سکے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ خود مختلف اضلاع کا دورہ کرنے اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ اعلی سطحی اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی بی، صوبائی الیکشن کمشنر، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں