جب تک وفاقی اور صوبائی حکومتیں صوبے کی ترقی پر توجہ مرکوز نہیں کریں گی صوبہ عالمی سطح پر توجہ حاصل نہیں کر سکے گا، سینیٹر محمد عبدالقادر

جمعہ 29 مارچ 2024 19:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2024ء) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک کا رقبے کے اعتبار سے سب سے بڑا صوبہ ہے لیکن صوبے کی عوام کی حالت زار پر آج تک اس طرح توجہ مرکوز نہیں کی جس طرح اس کی ضرورت ہے وفاق صوبہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے ہمیشہ سے خطیر فنڈز مختص کرتا رہا ہے لیکن اس مناسبت سے صوبے کے مسائل حل ہوتے ہوئے نظر نہیں آتے صوبے کی عوام کی حالت زار اب بھی انتہائی افسوسناک ہے اگر وفاقی اور صوبائی حکومتیں توجہ کریں تو بلوچستان کے معدنی ذخائر دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن سکتے ہیں۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ جب تک وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر صوبے کی عوام کی ترقی و خوشحالی پر توجہ مرکوز نہیں کریں گی صوبہ عالمی سطح پر توجہ حاصل نہیں کر سکے گا سی پیک کی وجہ سے بلوچستان بین الاقوامی اہمیت کا حامل صوبہ بن چکا ہے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ بلوچستان کو عالمی سطح کا ترقی یافتہ علاقہ بنائیں تاکہ دنیا بھر سے سرمایہ کار پاکستان خصوصاً بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لیے آئیں اس سے بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ ہوگا اور اسکی عوام کی غربت دور ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ بلوچستان میں خرچ ہونے والے فنڈز کی کڑی نگرانی کرے تاکہ عوامی منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھی جا سکے کرپشن سارے ملک کا بڑا اہم مسئلہ ہے ہمیں شفافیت برقرار رکھتے ہوئے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا تاکہ عوام اپنے بنیادی حقوق حاصل کر سکیں عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے مختص فنڈز عوام کی امانت ہوتے ہیں انہیں نہایت ایمانداری اور فرض شناسی سے انہی کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا چاہئے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ پاکستان بلوچستان کو ترقی دے کر ہی آگے بڑھ سکتا ہے بلوچستان کی موجودہ قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ وہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات محنت کرے اور صوبے کی عوام کا وہ حق ادا کرے جو آج تک نہیں ہوا عوام کے مسائل کے حل کیلئے مخیر حضرات کو بھی سامنے آنا چاہیے تاکہ عوام کی مشکلات میں خاطر خواہ کمی واقع ہو سکے اور حکومت کا ہاتھ بھی بٹایا جائے گوادر صوبے کا مستقبل ہے دنیا کی نظریں گوادر پر مرکوز ہیں گوادر سے حاصل ہونے والی آمدنی صوبے کی عوام کو روشن و تابناک بنانے کے لئے خرچ کی جائے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں