چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت صوبے میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے اجلاس

پیر 15 اپریل 2024 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت صوبے میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بدھ سے شروع ہونے والے متوقع شدید بارشوں اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلاً غوروخوض کیا گیا۔

اجلاس میں کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات، ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ صوبے میں مزید بارشوں سے قبل ہی اپنی تمام تر پیشگی تیاریاں مکمل کی جائیں اور انتظامیہ عوام کو ضرورت پڑنے پر بروقت ریسکیو اور امداد کی فراہمی کومنظم طریقے سے سر انجام دے اور شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے نالوں پر سے تجاوزات اور رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام انتظامی افسران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے اور ممکنہ طور پر محصور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے الرٹ رہیں اور تمام سرکاری ملازمین کو جائے تعیناتی پر رہنے کی ہدایت کی اور غیر حاضری کی صورت میں ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں ریلیف اور ریسکیو کے کام کو سرانجام دینے کے لیے تمام ضروری مشینریز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور مشینری کو بروقت کام میں لانے کے لیے مربوط پلان مرتب کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ شہروں سے بارش کی پانی کو جلد از جلد نکالنے کے لیے اقدامات کریں۔ اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مختلف اضلاع میں شدید بارشوں سے متعدد گھروں کو نقصان پہنچا ہے، کوئٹہ میں اب تک 156 ملی میٹر اور پسنی میں 89 ملی میٹر بارش ریکارڈ کیا گیا ہے اور چاغی میں 80، پشین 20, کوئٹہ 30، ہرنائی، گوادر میں بھی گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ بدھ سے شدید بارشوں کا ایک اور سپیل کا امکان ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں