راجن پور ضمنی انتخاب،پی ٹی آئی امیدوار نے تحفظات کا اظہار کر دیا

فارم 45 پر پولنگ ایجنٹس سے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے سے قبل ہی دستخط کرا لیے گئے،پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے،محسن لغاری کا الزام

Abdul Jabbar عبدالجبار اتوار 26 فروری 2023 12:21

راجن پور ضمنی انتخاب،پی ٹی آئی امیدوار نے تحفظات کا اظہار کر دیا
راجن پور (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 26 فروری 2023ء) راجن پور ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار محسن لغاری نے تحفظات کا اظہار کر دیا۔ ہم نیوز کے مطابق محسن لغاری نے الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ فارم 45 پر پولنگ ایجنٹس سے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے سے قبل ہی دستخط کرا لیے گئے،تحریک انصاف کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجن پور کی تمام انتظامیہ کو الیکشن کی تاریخ کے بعد تبدیل کر دیا گیا،لیکن لوگوں کا جوش و خروش دیدنی ہے اور جیت پی ٹی آئی کی ہی ہو گی۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 راجن پور میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری ہے،این اے 193 راجن پور میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا،حلقے میں ووٹنگ کیلئے 237 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رہنما محسن لغاری،ن لیگ کے عمار اویس لغاری اور پیپلز پارٹی کے اختر حسن گورچانی سمیت 11 امیدوار ضمنی انتخاب میں مد مقابل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ این اے 193 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 204 ہے،مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 495 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 72 ہزار 709 ہے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی یا انتخابی عمل میں خلل ڈالنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ حساس پولنگ اسٹیشنز کی سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر جدید آلات سے مانیٹرنگ جاری ہے،کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس،ایلیٹ فورس،رینجرز اور فوج کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔

ضمنی انتخاب میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں،2500 سے زائد پولیس اہلکار اور افسران ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں،پاک آرمی اور رینجرز کے جوان پولیس کی مدد کے لیے ساتھ موجود ہیں،پولنگ اسٹیشن میں موبائل لے جانے پر مکمل پابندی ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ اسلام آباد میں قائم کنٹرول میں تاحال کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی،مرکزی کنٹرول روم سے سنیئر افسران انتخابی عمل کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں