صوبے بھر میں ایسی لاقانونیت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت ترین ایکشن کا فیصلہ کیا ہے، راجہ راشد حفیظ

جمعہ 1 مئی 2020 00:22

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2020ء) کورونا کنٹرول ومانیٹرنگ کے انچار ج صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے اشیائے خورد و نوش کی مصنوعی قلت پیدا کرکے گراں فروشی اور ذخیر اندوزی کرنے والوں کو انتباہ کیا ہے کہ حکومت پنجاب نے ایسے عناصر کے خلاف انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈیننس 2020 ء نافذ کر دیا ہے اور صوبے بھر میں ایسی لاقانونیت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت ترین ایکشن کا فیصلہ کیا ہے جس میں پہلی مرتبہ انٹیلی جنس اداروں کی معاونت بھی حاصل کی گئی ہے ․ حکومت پنجاب کے اس انتباہ کو روایتی معنوں میں ہر گز نہ لیا جائے ․ قصور واروں کو ان کی سیاسی وابستگیوں کی پروا کئے بغیر کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا اور حکومت ہر صورت میں اپنی رٹ قائم کرکے دکھائے گی ․انہوں نے یہ بات اپنے ایک خصوصی بیان میں کہی ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ اشیائے خورد و نوش کا کاروبار کرنے والوں کو یہ بات کسی صورت نہیں بھولنی چائییے کہ ہمارے مذہب میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی ممانعت کی گئی ہے ․ یہ اللہ تعالی کی رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے جس میں ہمیں اپنے جائز منافع کو بھی کم کر لینا چائییی․ کورونا لاک ڈائون کی وجہ سے یہ اور بھی لازم ہو جاتا ہے کہ ہم اپنے ہم وطنوں کی سہولت کی خاطر اپنے منافع کو کم کردیں ․ انہوں نے کہا کہ اگر اس مشکل گھڑی میں بھی ہمدردی ، احساس اور انسانی خدمت کا جذبہ کسی میں پیدا نہیں ہوتا تو اسے اپنے ایمان کی فکرکرنی چائییے ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ایک مسلمان معاشرے میں اس طرح کی لاقانونیت ہماری بدنامی کا باعث اوریقینی طور پر ناپسندیدہ اور ناقابل قبول ہے ․ اگر ذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خور باز نہ آئے تو ان کے ساتھ پوری قوت کے ساتھ نمٹا جائیگا ․ انہوںعوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کی شکایت درج کرانے میں کسی مصلحت کا شکار نہ ہوں تاکہ ایسے عناصر کی سرکوبی کی جا سکے ․ انہوں نے مزید کہا کہ لوگ کورونا وائرس کے خلاف طے شدہ احتیاطی تدابیر کسی صورت ترک نہ کریں اور چند ہفتے مزید صبر و استقامت کے ساتھ لاک ڈائون کی پابندی کریں تاکہ کورونا کو شکست دی جا سکے ۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں