قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر عمل پیرا ہوکر ترقی کی منازل طے کی جاسکتی ہیں،ثاقب رفیق

پیر 25 دسمبر 2023 18:18

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2023ء) ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کے صدر اور چیئرمین آر ڈبلیو ایم سی ثاقب رفیق نے کہاہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر عمل پیرا ہوکر ترقی کی منازل طے کی جاسکتی ہیں ۔ترجمان کے مطابق ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی میں بابائے قوم، قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، تقریب سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ بلاشبہ قائداعظم محمد علی جناح ایک عظیم رہنما تھے اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا خواب ان کے بغیر ناممکن تھا۔

جناح نے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کو اقلیتی برادری سے ایک قوم میں تبدیل کرکے برصغیر کی تاریخ کا رخ بدل دیا۔ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کے صدر اور چیئرمین آر ڈبلیو ایم سی ثاقب رفیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائد کی شخصیت ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور ہم ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنے ملک کو کامیابی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

آنے والی نسلوں کو خوشحال پاکستان کا وارث بنانے کے لیے قائد کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے سے ہی ممکن ہے، صدر ثاقب رفیق نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے ملک کے لیے بہت قربانیاں دیں اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ایک مستحکم، پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان کے لیے جدوجہد کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کے لیے ان کے نظریات پر عمل کرنے کا عہد کرتے ہیں۔

ثاقب رفیق نے تاجر برادری، نوجوانوں اور آر سی سی آئی کے ممبران پر زور دیا کہ وہ قائد کی ایمانداری، محنت، استقامت اور لگن کے اوصاف کو اپنائیں،اس موقع پر گروپ لیڈر سہیل الطاف، سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، ٹریڈ ایسوسی ایشن سے شیخ حفیظ، ارشد اعوان،چوہدری اکرم اور چیمبر ممبران کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں