بیلجیئم پاکستان کے ساتھ تجارت، سائنسی تحقیق، قابل تجدید توانائی اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے، بیلجیئم کے سفیر کا آر سی سی آئی کے دورہ کے موقع پر تاجروں سے خطاب

جمعہ 12 جنوری 2024 18:34

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2024ء) بیلجیئم کے سفیر چارلس ڈیلون نے کہا ہے کہ بیلجیئم اور پاکستان کے درمیان بہترین تعلقات ہیں،بیلجیئم یورپی یونین میں پاکستان کا 5واں بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور وہ پاکستان کے ساتھ تجارت، سائنسی تحقیق، قابل تجدید توانائی اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(آر سی سی آئی) کے دورہ کے موقع پر تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ جنرلائزڈ سسٹم آف پریفرنسز (جی ایس پی) میں مزید چار سال کے لیے 2027 تک توسیع کردی گئی ہے اور یہ پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس کنونشنز بالخصوص مزدوروں کے حقوق، انسانی حقوق اور ماحولیاتی تحفظ پر عمل درآمد کرنے کا بہترین موقع ہے جس سے پاکستان کو اپنی برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسفیر نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بیلجیئم بزنس کانٹیکٹ ڈے اور کیٹلاگ نمائش کا افتتاح بھی کیا۔ نمائش میں بیلجیئم کے بارے میں معلوماتی کتب، رسائل اور تجارتی ڈائریکٹریز رکھی گئی تھیں۔اس سے پہلے صدر چیمبرثاقب رفیق نے اپنے استقبالیہ کلمات میں چیمبرکی موجودہ سرگرمیوں اور آنے والے پروگراموں کا مختصر خلاصہ پیش کیا۔

انہوں نے بیلجیئم کے سفیر کو پاکستان میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیلجیئم یورپی یونین میں پاکستان کے اہم تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آر سی سی آئی بیلجیئم کے سفارت خانے کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔اس موقع پر سینئر نائب صدر محمد حمزہ سروش، نائب صدر فیصل شہزاد اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، ٹریڈ کمشنر عابد حسین، کمرشل آفیسر شوکت نیازی اور آر سی سی آئی کے اراکین بھی موجود تھے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں