حکومت پنجاب کی جانب سے نان اور روٹی کی مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے پرائس مجسٹریٹس متحرک ہیں، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ

منگل 16 اپریل 2024 20:11

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی ہدایت پر ضلع بھر میں حکومت پنجاب کی جانب سے نان اور روٹی کی مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے پرائس مجسٹریٹس متحرک ہیں۔ ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے کہاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے 100 گرام روٹی کی قیمت 16 روپے جبکہ 120 گرام نان کی قیمت 20 مقرر کی گئی ہے جس پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 100 سے زائد تندور شاپس کی چیکنگ کی گئی جن میں سے 68 نانبائی حکومت پنجاب کی جانب سے روٹی اور نان کی مقرر کردہ قیمتوں سے زائد پیسے وصول کرنے کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے،خلاف ورزی پر نانبائی کو 1 لاکھ 70 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 7 نانبائیوں کی گرفتاری عمل میں بھی لائی گئی اور اس کے علاوہ 4 نانبائیوں کی شاپس کو سربمہر کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے روٹی اور نان کی مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ آٹا کی قیمتوں میں کمی کے بعد روٹی اور نان کی قیمت کم کی گئی ہے۔ ہمارا مقصد شہریوں کو آٹا کے ریٹ میں ہونے والی کمی کو عوام تک پہنچانا ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں