شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کرنے والی7دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز سرحدیں محفوظ بنانے ،ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،توقع ہے افغان حکومتپاکستان کیخلاف دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کا استعمال روکے گی، آئی ایس پی آر

بدھ 17 اپریل 2024 22:15

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) شمالی وزیرستان: خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے پاک-افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کرنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آرسے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 16اپریل کو پاک-افغان سرحد پر ضلع شمالی وزیرستان کے غلام خان میں اسپنکئی کے شہری علاقے میں دراندازی کی کوشش کرنے والے 7 دہشت گردوں کے گروپ کا سراغ لگایا گیا،سیکیورٹی فورسز نے دراندازوں کو گھیر لیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام 7دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی پاکستان کیخلاف دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کا استعمال روکے گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدیں محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں