پولیس اہلکار کو گاڑی کی ٹکر لگنے کے مقدمہ میں گرفتار خاتون کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16مئی تک توسیع

جمعرات 9 مئی 2024 21:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2024ء) سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ محمد ممتاز ہنجرا نے موٹر وے پولیس کے ساتھ جھگڑے میں گاڑی بھگانے کے دوران پولیس اہلکار کو گاڑی کی ٹکر لگنے کے مقدمہ میں گرفتار خاتون کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16مئی تک توسیع کر دی ہے گزشتہ روز سماعت کے موقع پر خاتون نے عدالت سے استدعا کی کہ میرے گھر کو سب جیل قرار دیا جائے کیونکہ جیل میں انتہائی مشکلات ہیں اور چونکہ ابھی مجھ پر الزام ہے جو ثابت نہیں ہوا جس پر عدالت نے جواب دیا کہ ضمانت منظور ہونے تک اسے جیل میں رکھا جائے گا عدالت نے قرار دیا کہ آپ کو یہ رعائت دی جاسکتی ہے کہ ٹرائل جلد مکمل کیا جائے اور3سی4تاریخوں میں ٹرائل مکمل کر کے اگر آپ پر جرم ثابت ہوا توسزا دے دی جائے گی اور ثابت نہ ہوا تو رہا کر دیا جائے عدالت نے مزید ریمارکس دیئے کہ عدالت آپ کو یہ رعائت بھی دے سکتی ہے کہ اگر آپ نے اپنی ادویات منگوانی ہیں یا اپنی فیملی سے ملاقات کرنا چاہتی ہیں تو کمرہ عدالت میں ملاقات کروائی جا سکتی ہے یاد رہے کہ تھانہ نصیر آباد پولیس نے موٹر وے پولیس کی مدعیت میں رواں سال2جنوری کوتعزیرات پاکستان کی دفعات 324، 353، 186، 337-F(i)، 337-Q،279اور427کے تحت مقدمہ نمبر 9درج کیا تھا خاتون پر الزام تھا کہ اس نے گاڑی بھگانے کے دوران پولیس اہلکار کو کچلنے کی کوشش کی قبل ازیں عدالت نی2مئی کو ملزمہ کی درخواست ضمانت خارج کی تھی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں