کپاس کی فصل کا پاکستان کی اقتصادی ترقی، برآمدات میں اضافے اور زرمبادلہ کے ذخائر کے اضافے میں بنیادی کردار ہے ،ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر

ہفتہ 6 اپریل 2024 22:53

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2024ء) ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر نے کہا ہے کہ کپاس کی فصل کا پاکستان کی اقتصادی ترقی، برآمدات میں اضافے اور زرمبادلہ کے ذخائر کے اضافے میں بنیادی کردار ہے جس کی زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنا ایک قومی ذمہ داری ہے۔ محکمہ زراعت کپاس کی بوائی میں کسانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ رقبے پر کپاس کی کاشت ممکن ہو سکے۔

یہ بات انہوں نےکمشنر آفس میں کپاس بارے ڈویژنل مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر پاک پتن سعدیہ مہر، ایس ای ایریگیشن محمد نواز باجوہ، ایکسین اریگیشن عمرا برار، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ڈاکٹر طاہر جاوید سمیت پولیس اور واپڈا کے افسران اور کپاس کے کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر نے کہا کہ پنجاب حکومت کپاس کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت پر فوکس کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں کاشتکاروں کا تعاون بہت ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے جلد کپاس کی قیمت مقرر کر دی جائے گی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر طاہر جاوید نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں ایک لاکھ18ہزار 820ایکڑ کاٹن کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں سے اب تک 33573ایکڑ پر اگیتی کاشت کی جا چکی ہے جو کہ کل ٹارگٹ کا 16فی صد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ ٹارگٹ کا حصول یقینی بنانے کے لئے تمام رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے۔ ایس ای اریگیشن محمد نواز باجوہ نے بتایا کہ نہری پانی وافرمقدار میں دستیاب ہے اور کسی قسم کی پانی کی کمی نہیں۔اس موقع پر کاشتکاروں نے کپاس کی جلد سے جلد قیمت مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کپاس کی کاشت ممکن ہو سکے۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں