سرگودھا،میڈیکل ڈسپنسریاں ناقص پلاننگ کی وجہ سے کھنڈرات میں تبدیل ،ڈیوٹی عملہ بھی اکثر غیر حاضر

جمعرات 13 دسمبر 2018 22:07

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2018ء) ڈسٹرکٹ سرگودھا میں قائم میڈیکل ڈسپنسریاں ناقص پلاننگ کی وجہ سے کھنڈرات میں تبدیل ہوتی جا رہی ہیں۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی عمارتیں عدم توجہ کی وجہ سے کھنڈرات میں تبدیل ہونے لگی ہیں۔ ڈیوٹی عملہ بھی اکثر غیر حاضر رہتا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ڈسٹرکٹ سرگودھا میں قائم تقریباً 15 میڈیکل ڈسپنسریاں مقامی علاقہ مکینوں کو صحت کی بنیادی سہولیات پہنچانے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہیں، لک موڑ سمیت دیگر علاقوں میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی یہ ضلعی ڈسپنسریاں مقامی انتظامیہ کی عدم توجہ کی وجہ سے کھنڈرات میں تبدیل ہونے لگی ہیں۔

ان ڈسپنسریوں میں تعینات عملہ بھی اکثر اپنی ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوتا، بلکہ اپنے کلینک میں پریکٹس کرنا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ لاکھوں روپے کی تنخواہ محکمہ صحت سرگودھا سے وصول کر کے دیگر ڈاکٹروں کی بھی حق تلفی کرتا ہے، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سابقہ حکومتوں کے دور میں 2017ء میں ان ڈسپنسریوں کو ختم کرنے کی تجویز بھی زیر غور لائی گئی، تا ہم دور دراز کے مقامی علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے اس پراجیکٹ کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جبکہ تاحال ان ڈسپنسریوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کے لئے نہ ہی ڈسٹرکٹ انتظامیہ کوئی کارروائی کر رہی ہے نہ ہی محکمہ صحت سرگودھا کوئی عملی اقدام اٹھا رہا ہے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں