بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز آپریشن مزید تیز کیا جائے، کمشنر

بدھ 17 اپریل 2024 17:29

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز آپریشن مزید تیز کیا جائے،بجلی چوری میں ملوث افرادکسی رعایت کے مستحق نہیں۔ بجلی چوروں کی نشاندہی کرکے فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کےساتھ مشترکہ طور پر بجلی چوروں اور نادہندگان کےخلاف کارروائی تیز کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل ٹاسک فورس کمیٹی برائے انسداد بجلی چوری کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شعیب علی کے علاؤہ پولیس، سپیشل برانچ اور فیسکو کے افسران شریک ہوئے جبکہ خوشاب، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنروں، ڈی پی اوز اور فیسکو افسران نے ویڈیو لنک کے زریعے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر نے بجلی چوری کی روک تھام اور بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کا ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سسٹم میں بہتری کے لئے تمام ادارے ملکر کام کریں، بڑے بجلی چوروں اور ڈیفالٹرز کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے اور بجلی چوری کے گھناؤنے فعل میں ملوث عناصر کے بجلی کنکشنز فوری منقطع کیے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں اور صوبائی حکومت نے ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں ایکشن کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جن کے عملی اقدامات نظر آنے چاہئیں۔ انہوں نے ڈویژن بھر تمام بڑی چھوٹی انڈسٹریز اور برف کے کارخانوں کو خصوصی طور پر چیک کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے سپیشل برانچ کی جانب سے بعض فیسکو ملازمین کے بجلی چوری میں مدد دینے کی نشانی دہی کرنے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ای صاحبان کو اسی کالی بھیڑوں کو کیفر قرار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈویژن بھر میں فیسکو کی ریکوری کا بھی جائزہ لیا گیا۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں