ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4 اعشاریہ 5 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ گہرائی 10 کلومیٹر زیر زمین تھی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 18 جون 2023 23:12

ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے
سبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 جون 2023ء ) ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4 اعشاریہ 5 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ گہرائی 10 کلومیٹر زیر زمین تھی۔ تفصیلات کے مطابق سبی اور اس کے مصافات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے رات 9 بج کر 34 منٹ پر محسوس کیے گئے۔

انتظامیہ کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس کرنے والے شہری کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے نکل کر کھلے مقامات کی طرف آگئے۔ ادھر چین کی جانب سے وارننگ دینے والے سب سے بڑے سسٹم کی تعمیر مکمل کرلی گئی، اب زلزلہ آنے سے پہلے ایک منٹ کے بجائے کچھ سیکنڈز میں شہریوں کو معلومات فراہم کردی جائیں گی۔

(جاری ہے)

چائنا ارتھ کوئیک ایڈمنسٹریشن (سی ای اے) کے سربراہ من یرین کے مطابق اس سسٹم کا مقصد شہریوں کو آنے والے زلزلوں کے بارے میں سیکنڈوں میں الٹی گنتی کے ساتھ مطلع کرنا ہے۔ سسٹم کے ذریعے شہریوں کو زلزلے کے آنے کے ایک منٹ کے اندر اندر اس کی شدت کے حوالے سے مطلع کردیا جائے گا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زلزلے کا ابتدائی وارننگ نیٹ ورک 15 ہزار سے زائد مانیٹرنگ اسٹیشنز، 3 قومی مراکز، 31 صوبائی مراکز اور 173 پریفیکچرل اور میونسپل اطلاعاتی مراکز کَوَر کر رہا ہے۔

اس حوالے سے من یرین کا کہنا تھا کہ زلزلے سے کچھ سیکنڈز قبل مطلع کیے جانے کا مرکزی تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ اس نظام کا ابتدائی ٹرائل جنوب مغربی چین کے سیچوان اور یونان صوبوں، شمالی چین کی بیجنگ اور تیانجن میونسپلٹیز اور صوبہ ہیبی اور مشرقی چین کے صوبے فوجیان میں کیا جائے گا۔ اس نظام کے ذریعے زلزے سے پہلے مطلع کیے جانے والا وارننگ نیٹ ورک، ہنگامی نشریات، موبائل فون، ٹی وی اور خصوصی ٹرمینلز جیسے مختلف چینلز سے معلومات جاری کرے گا۔

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں