فاٹا میں مسلم لیگ ن کو الیکشن سے پہلے ہی شکست ہو گئی

این اے 49 میں مسلم لیگ ن کا انتخابی امیدوار تحریک انصاف کے حق میں دستبردار ہوگیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 4 جولائی 2018 20:10

فاٹا میں مسلم لیگ ن کو الیکشن سے پہلے ہی شکست ہو گئی
جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04جولائی 2018ء) فاٹا میں مسلم لیگ ن کو الیکشن سے پہلے ہی شکست ہو گئی ۔ این اے 49 میں مسلم لیگ ن کا انتخابی امیدوار تحریک انصاف کے حق میں دستبردار ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک سال کے اندر اندر تحریک انصاف نے جس طرح سے پاکستانی سیاست میں قدم جمائے ہیں اور اپنی سیاسی ساکھ کو مضبوط کیا ہے اس کی پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کم ہی مثال ملتی ہے۔

ایک جانب تحریک انصاف کی مضبوط ہوتی ہوئی سیاسی پوزیشن تو دوسری جانب اسکی حریف جماعتوں کی گرتی ہوئی ساکھ نے تحریک انصاف کو پاکستانی سیاست کی چوٹی کی جماعت بنا دیا ہے۔گزشتہ ایک سال میں پاکستان تحریک انصاف میں دیگر جماعتوں بالخصوص مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بڑے بڑے ناموں نے شمولیت اختیار کی ہے جن میں رضا حیات، ندیم افضل چن،فردوس عاشق اعوان اور بڑے بڑے انتخابات جیتنے والے نام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب کے چوٹی کے سیاستدانوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت اشارہ ہے کہ پنجاب مسلم لیگ ن کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔اب تک 100سے زائد الیکٹیبلز نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔جن میں سے اکثر کا تعلق مسلم لیگ ن سے تھا۔تازہ ترین خبر کے مطابق مسلم لیگ ن کی ایک اور بڑی وکٹ گر گئی۔جنوبی وزیرستان کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 49 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار دلاور خان محسود نے تحریک انصاف کے حق میں دستبردار ہو نے کا اعلان کر دیا ہے۔

دلاور خان محسود نے اپنی پوری کابینہ سمیت تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کردیا۔
اس موقع پر دلاور خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف قومی سطح پر سیاسی حریف ہیں لیکن میں نے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان اس لئیے کیا ہے کیونکہ ہمارے علاقے کو اتحاد کی ضرورت ہے۔ہم نے یہ قدم علاقے کی بھلائی کے لیے اٹھایا ہے۔انکا کہنا تھا کہ ہم نے یہ قدم اس لئیے بھی اٹھایا ہے تاکہ یہ دنیا کے لیے مثال بن چکے۔

جنوبی وزیرستان‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں